بلدیہ عظمیٰ کا ڈیزاسٹر مینجمنٹ بورڈ تشکیل دینے کا فیصلہ

بورڈ کسی بھی سانحے کے موقع پر تمام اداروں کی معاونت سے ریسکیو آپریشن کریگا


Staff Reporter December 06, 2012
یہ بورڈ کسی بھی سانحے کے موقع پر تمام اداروں کی معاونت سے ریسکیو آپریشن کرے گا. فوٹو: فائل

بلدیہ عظمیٰ نے ناگہانی حادثات اور قدرتی آفات سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ڈیزاسٹر مینجمنٹ بورڈ کی تشکیل کا فیصلہ کیا ہے جس میں کراچی کے تمام اسٹیک ہولڈرز کو بطور ڈائریکٹر نمائندگی دی جائے گی۔

یہ بورڈ کسی بھی سانحے کے موقع پر تمام اداروں کی معاونت سے ریسکیو آپریشن کرے گا، باخبر ذرائع نے اس امر کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر محمد حسین سید کی ہدایت پر کراچی میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ بورڈ کے قیام کے ڈھانچے کی تیاریاں شروع ہوگئی ہیں۔

03

اس سلسلے میں ادارے کے فائنانشل ایڈوائزر کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے جو کہ اس مجوزہ بورڈ کے اغراض ومقاصد کی کاغذی تیاری کررہا ہے جس کو مکمل کرکے اس سلسلے میں بلدیہ عظمیٰ کے ایڈمنسٹریٹر ایک قرارداد کے ذریعے اس بورڈ کی منظوری دیں گے۔

اس سلسلے میں تیار کردہ تجاویز کے مطابق بورڈ کا سربراہ میئر یا ایڈمنسٹریٹر ہوگا، اس کے بورڈ آف ڈائریکٹر میں کے پی ٹی ، سول ایوی ایشن اتھارٹی ، کنٹونمنٹ بورڈز ، ڈی ایچ اے سمیت ان تمام اداروں کو نمائندگی دی جائے گی جن کے پاس آگ لگنے یا کسی بھی ہنگامی صورتحال یا قدرتی آفات سے نمٹنے کا سامان اور محکمے ہیں۔

04

ذرائع نے بتایا کہ اس سلسلے میں قائم کردہ کمیٹی بلدیہ عظمیٰ کی ناکارہ اور کارآمد مشینوں کی فہرست بھی تیار کررہی ہے تاکہ اس کے مطابق بلدیہ عظمیٰ کی ہنگامی صورتحال میں کارروائی کی استعداد کا اندازہ لگایا جاسکے جبکہ یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ محکمہ فائربریگیڈ میں وائرلیس کمیونیکیشن نظام کو بحال کیا جائے، ذرائع نے بتایا کہ بلدیہ عظمیٰ نے فائر پروٹیکشن بائی لاز تیار کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں دنیا کے مختلف ممالک کے بائی لاز حاصل کرکے ان کے مطالعے سے اپنے بائی لاز تیار کیے جارہے ہیں۔