ہریتھک کے والد راکیش روشن گرفتاری سے بچ گئے

ناول نگار روپ کمار سونکر نےراکیش روشن پرکاپی رائٹس کی خلاف ورزی پرمقدمہ درج کروایا تھا۔


ویب ڈیسک September 01, 2016
ناول نگار روپ کمار سونکر نےراکیش روشن پرکاپی رائٹس کی خلاف ورزی پرمقدمہ درج کروایا تھا۔ فوٹو؛ فائل

KARACHI: بھارتی ریاست اتر کھنڈ کی ہائی کورٹ نے فلم ''کرش 3'' کی کہانی چوری کرنے کے مقدمے میں پولیس کو پروڈیوسرراکیش روشن کی گرفتاری سے روک دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ناول نگار روپ کمار سونکر نے نامور پروڈیوسر راکیش روشن پرکاپی رائٹس کی خلاف ورزی پرمقدمہ درج کروایا تھا جس کے مطابق ان کے ناول کے کچھ حصوں کو فلم ''کرش 3'' میں بغیر اجازت فلمایا گیا اور اس بنا پر فلم پروڈیوسر کے خلاف کارروائی کی استدعا کی گئی تھی تاہم اب پروڈیوسر کی درخواست پر عدالت نے پولیس کو اس مقدمے میں کسی قسم کی گرفتاری سے روک دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست اتر کھنڈ ہائی کورٹ نے پولیس کو ہریتھک روشن کے والد راکیش روشن کی گرفتاری سے روک دیا ہے جب کہ عدالت کا کہنا تھا کہ پروڈیوسر کی گرفتاری کا فیصلہ 19 ستمبر کو کیا جائے گا لہٰذا اس وقت تک انہیں گرفتار نہیں کیا جاسکتا۔

واضح رہے کہ 2013 میں ریلیز ہونے والی فلم ''کرش 3'' کی اسکرپٹ اور ہدایتکاری کے فرائض راکیش روشن نے ہی سر انجام دیئے تھے جس میں ان کے بیٹے ہریتھک روشن نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔