گورنرکو معدے کا عارضہ عہدے سے ہٹانے کی افواہ
متحدہ نے نیا گورنر تعینات کرنے کے فیصلے سے پی پی کوآگاہ کردیا، ذرائع، تصدیق نہ ہوسکی
KARACHI:
گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کو فارغ کیے جانے کے بارے میں افواہیں جمعرات کو دن بھر شہر میں گردش کرتی رہیں۔
تاہم کسی بھی ذریعے نے باضابطہ طور پر ان کی تصدیق سے گریز کیا جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ کو معدے کا عارضہ لاحق ہوگیا ہے تاہم ان کی طبعیت اب بہتر ہے۔ ذرائع نے بتایا گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العبادخاں معدے میں تکلیف کی شکایت پر اپنے معائنے کیلیے ڈاؤیونیورسٹی کے اوجھاکیمپس پہنچ گئے جہاں یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر مسعودحمیدخاں کی سربراہی میں ماہرین طب نے ان کے تمام طبی ٹیسٹ کیے، معلوم ہوا ہے کہ گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العبادخاں کومعدے میں تکلیف کی شکایت تھی جہاں معدے کے ماہر ڈاکٹرشاہد ماجدنے گورنر سندھ کا معائنہ کیا۔

جبکہ گورنرسندھ کے سٹی اسکین اور خون کے دیگرروٹین ٹیسٹ بھی کرائے گئے۔ ذرائع کے مطابق گورنرسندھ کومعدے میں سوزش ( Gastritif)کی شکایت بتائی گئی ہے اورڈاکٹروں نے کھانے میں پرہیزکی بھی ہدایتکی ہے۔ سیاسی حلقوں کا کہنا ہے ایم کیوایم نے ڈاکٹر عشرت العباد کی جگہ کسی اور کو گورنر تعینات کرنیکا فیصلہ کرلیا ہے اور اپنے اس فیصلے سے پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت کو بھی آگاہ کردیا ہے۔
تاہم ان کو براہ راست فارغ کیے جانے کے بجائے پہلے مرحلے میں گورنر سندھ کو علاج کے لیے بیرون ملک بھیجا جائے گا اس کے بعد وہ اپنا استعفیٰ دیں گے اور پھر ایم کیوایم کی طرف سے نامزد کردہ کسی اور فرد کو حکومت کی طرف سے گورنر سندھ تعنیات کردیا جائے گا ۔