اورنگی ٹائون بم دھماکوں میں ملوث ملزم کی شناخت ہوگئی

سی آئی ڈی نے ملزم کو مجسٹریٹ کے روبرو پیش کیا، چشم دید گواہو نے شناخت کیا


Staff Reporter December 08, 2012
ہلاک ہونے والا ملزم گل مند جو کہ موٹر سائیکل پر سوار تھا وہ عدالت میں موجود اس ملزم کے ہمراہ آیا تھا جس نے امام بار گاہ کے باہر دیوار کے قریب کچھ چھپایا تھا. فوٹو: فائل

اورنگی ٹائون امام بارگاہ کے باہر دو بم دھماکوں میں ملوث گرفتار ملزم قاری عطااﷲ کو دوچشم دید گواہوں نے شناخت کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ کو سی آئی ڈی نے ملزم کی شناختی پریڈ کرانے کیلیے جوڈیشل مجسٹریٹ غربی محمد روشن افضل کے روبرو پیش کیا تھا، اس موقع پر فاضل عدالت نے چشم دید گواہ فرحت عباس اور علی رضا کو طلب کیا جنھوں نے متعدد افراد کی موجودگی میں ملزم کو شناخت کیا اور عدالت کو بتایا کہ وہ مجلس میں شرکت کیلیے آئے تھے۔

انھوں نے کہا کہ ہلاک ہونے والا ملزم گل مند جو کہ موٹر سائیکل پر سوار تھا وہ عدالت میں موجود اس ملزم کے ہمراہ آیا تھا جس نے امام بار گاہ کے باہر دیوار کے قریب کچھ چھپایا تھا، اس کے 40منٹ بعد ہی زور دار دھماکا ہوا جبکہ چند منٹ بعد ہی دوسرا دھماکا بھی اسی جگہ ہوا تھا،ا نھوں نے کہا کہ ملزم کوہلاک ہونے والے ملزم کی موٹر سائیکل پر جاتے ہوئے دیکھا تھا، فاضل عدالت نے شناختی پریڈ کے بعد ملزم کو پولیس کی تحویل میں دیدیا ہے، استغاثہ کے مطابق 21نومبر کو اورنگی کے علاقے میں واقع کرار امام بارگاہ کے باہر دو بم دھماکے ہوئے تھے جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور12زخمی ہوگئے تھے۔