انتخابی ضابطہ اخلاق پرعمل درآمد یقینی بنائینگےچیف الیکشن کمشنر

کراچی میں حلقہ بندیوں کے حوالے سے اب تک ملنے والی تجاویز ٹھوس نہیں،صوبائی الیکشن کمشنر


Staff Reporter December 08, 2012
کراچی میں حلقہ بندیوں کے حوالے سے اب تک ملنے والی تجاویز ٹھوس نہیں،صوبائی الیکشن کمشنر فوٹو: ایکسپریس

چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) فخر الدین جی ابراہیم نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات کو شفاف بنانے اور دھاندلی روکنے کیلیے الیکشن کمیشن جامع حکمت عملی مرتب کررہا ہے۔

عام انتخابات کے موقع پرضابطۂ اخلاق پر عمل درآمد کیلیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ وہ جمعے کو کراچی میں الیکشن کمیشن کے کیمپ آفس میں پیپلز پارٹی، پاکستان مسلم لیگ (ف) اور نیشنل پیپلز پارٹی کے رہنمائوں سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ کراچی میں نئی حلقہ بندیوں اور نئی انتخابی فہرستوں کی تیاری کے حوالے سے سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں پالیسی مرتب کی جائے گی جس کا باضابطہ اعلان اوراس حوالے سے کام کا آغازآئندہ چند روز میںکردیا جائے گا۔

ملاقات میں پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس21 نوشہرو فیروز میں ضمنی انتخابات کے موقع پر مختلف امیدواروں کی جانب سے کی جانے والی دھاندلیوں، ووٹرز کو ہراساں کرنے اور دیگر معاملات سے چیف الیکشن کمشنر کو آگاہ کیا اور انھیں کراچی میں نئی حلقہ بندیوں اور انتخابی فہرستوں کے حوالے سے اپنی سفارشات پیش کیں۔مسلم لیگ (ف) کے رہنمائوںنے سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 21 نوشہرو فیروز میں ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کی جانب سے کی جانے والی مبینہ دھاندلی کے حوالے سے آگاہ کیا اور اس حوالے سے شواہد پیش کیے۔

14

قبل ازیں سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 21 نوشہرو فیروز میں ضمنی انتخابات میں غیر سرکاری طور پر کامیاب ہونے والے پیپلز پارٹی کے امیدوار سرفراز شاہ نے سندھ کے الیکشن کمشنر سونو خان بلوچ سے ملاقات کی اور انہیںاپنے مخالف امیدواروں کی جانب سے ضمنی انتخابات میں کی جانے والی دھاندلی کے شواہد پیش کیے۔دوسری جانب سندھ الیکشن کمیشن آفس میں میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے صوبائی الیکشن کمشنر سونو خان بلوچ نے کہاکہ کراچی میں نئی حلقہ بندیوں کے حوالے سے اب تک ملنے والی تجاویز ٹھوس نہیں ہیں،10دسمبرتک ملنے والی تمام تجاویز پر ایک رپورٹ مرتب کرکے مرکزی الیکشن کمیشن کو بھیج دی جائیگی۔

کراچی میں حلقہ بندیوں کے حوالے سے حتمی پالیسی سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں مرکزی الیکشن کمیشن مرتب کرے گا۔ بعدازاں عوامی نیشنل پارٹی کے ایک وفد نے بھی اے این پی سندھ کے جنرل سیکریٹری بشیر جان کی قیادت میں صوبائی الیکشن کمشنر سونو خان بلوچ سے ملاقات کی۔انھوں نے کہا کہ کراچی میں اس طرح کی حلقہ بندیاں کی جائے کہ ایک ضلع میں اسی ضلع کے ٹائون شامل ہوں۔انھوں نے کہا کہ کراچی کو اسلحے سے پاک کیے بغیرانتخابات کا پرامن انعقادممکن نہیں۔