ٹنڈوآدم کے قریب ٹریفک حادثے میں 7 افراد جاں بحق 20 زخمی

حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 2 بچے اور 2 خواتین بھی شامل ہیں، پولیس


ویب ڈیسک September 12, 2016
حادثے کا شکار ہونے والی بس کراچی سے سانگھڑ جارہی تھی۔ پولیس : فوٹو : فائل

لاہور: کراچی سے سانگھڑ جانے والی مسافر بس اور سوزوکی پک اپ کے درمیان تصادم کے نتیجےمیں بچوں اور خواتین سمیت 7 افراد جاں بحق جب کہ 20 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ٹنڈو آدم میں جھول روڈ پر گاؤں شاہ بیگ مری کے قریب مسافر بس مخالف سمت سے آنے والی سوزوکی پک اپ سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں بچوں اور خواتین سمیت 7 افراد جاں بحق جبکہ 20 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمیوں میں سے 5 کی حالت تشویشناک ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 2 خواتین اور 2 بچے بھی شامل ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی بس کراچی سے سانگھڑ جارہی تھی، مسافر بس کے ڈرائیور کوحراست میں لے لیا گیا ہے اور اس سے نشے کی حالت میں گاڑی چلانے کی تفتیش کی جارہی ہے۔