امریکا کے شہر نیو یارک میں دھماکا 29 افراد زخمی

دھماکا مین ہیٹن کے علاقے میں نابینا افراد کے مرکز کے قریب ہوا۔


ویب ڈیسک September 18, 2016
دھماکا خیز مواد کچرے کے ڈبے میں چھپایا گیا تھا، ایف بی آئی نے تحقیقات شروع کردیں۔ فوٹو: رائٹرز

MULTAN: امریکی شہر نیو یارک کے مرکزی علاقے مین ہیٹن میں دھماکے سے 29 افراد زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی شہر نیویارک کے علاقے مین ہیٹن میں نابینا افراد کے مرکز کے قریب دھماکا ہوا جس میں 26 افراد زخمی ہو گئے۔ امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

https://twitter.com/DaniloGabrielli/status/777330593487028224

دھماکے کے فوری بعد امریکا کے انسداد دہشت گردی ڈپرٹمنٹ اور ایف بی آئی کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے جب کہ پولیس نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق دھماکا خیز مواد نابینا افراد کے مرکز کے قریب کچرے کے ڈبے میں ہوا۔ نیو یارک سٹی کے میئر کا کہنا ہے کہ دھماکے سے تخریب کاری کے کوئی شواہد نہیں ملے۔

امریکی صدر براک اوباما نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے جب کہ سیکیورٹی حکام نے دھماکے کی تفصیلات سے بھی صدر اوباما کو آگاہ کردیا ہے۔