امریکی سینیٹ میں ڈرون حملوں کیخلاف آواز اٹھائی جارہی ہے نوید قمر

کالا باغ ڈیم منصوبے کو تین اسمبلیاں مسترد کرچکی ہیں،ایشو کو دوبارہ اٹھانا مناسب نہیں


Nama Nigar December 10, 2012
نوید قمر نے کہا کہ ڈرون حملوں کے خلاف حکومت آواز اٹھاتی رہی ہے، اب امریکی سینیٹ میں بھی اس کے خلاف آواز اٹھائی جا رہی ہے. فوٹو: فائل

KARACHI: وزیر دفاع سید نوید قمرکا کہنا ہے کہ عدالتیں پالیسی ڈائریکشن نہیں دیتیں، کالا باغ ڈیم منصوبے کو تین اسمبلیاں بار بار مسترد کرچکی ہیں، عام انتخابات سے پہلے کالا باغ ڈیم کا ایشو اٹھانا غیر مناسب بات ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز ٹنڈو محمد خان میں پرائمری ٹیچرز ایسوسی ایشن کی جانب سے مقامی ہال میں منعقدہ تقریب میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

انھوں نے کہا کہ کہ ڈرون حملوں کے خلاف حکومت آواز اٹھاتی رہی ہے، اب امریکی سینیٹ میں بھی اس کے خلاف آواز اٹھائی جا رہی ہے اور توقع ہے کہ یہ مسئلہ جلد حل ہو جائے گا، پی آئی اے میں جعلی ڈگریوں کے معاملے پر ایکشن لیا جا چکا ہے، جب کہ پچھلے دنوں ہونے والے مختلف واقعات کی بھی انکوائری ہو رہی ہے، جس کی رپورٹ دو روز بعد انہیں مل جائے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انتخابات وقت پر ہوں گے، موجودہ حکومت 16مارچ کو پانچ سال مکمل کر لے گی، پیپلز پارٹی نے اپنے دور حکومت اپنے منشور پر عمل کرتے ہوئے عوام کی خدمت کی ہے اور دیرینہ مسائل کو حل کیا ہے۔

4

اسی بنیاد پر وہ آئندہ انتخابات میں عوام کے پاس جائیں گے، انتخابی نتائج سے پیپلز پارٹی کے خلاف پروپیگنڈہ کرنے والوں کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت پرائمری اساتذہ کے مسائل سے آگاہ ہے اور انہیں حل کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔ اس موقع پر انہوں نے پرائمری اساتذہ عمرہ فنڈ میں ایک لاکھ پچیس ہزار روپے دینے کا بھی اعلان کیا گیا جبکہ رکن سندھ اسمبلی عبدالکریم سومرو نے ایک لاکھ روپے پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر حاجی امین لاکھو نے ایک لاکھ بیس ہزار روپے اور سید اعجاز شاہ بخاری نے پچاس ہزار روپے دینے کا اعلان کیا اس موقع پر پ ٹ الف کے ضلعی صدر حاجی شفیع سٹھیو، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمد حسن، حاجی اشرف میمن اور حاجی عبدالوہاب نظامانی بھی موجود تھے۔

مقبول خبریں