ٹی ٹوئنٹی سیریز پاکستان کی شاندار فتح
تینوں میچز میں پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے جس شاندار کپتانی کا مظاہرہ کیا وہ قابل ستائش ہے
ابوظہبی میں کھیلی جانے والی تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز میں پاکستان نے تینوں میچ جیت کر عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو کلین سوئپ کردیا۔ یہ پہلا موقع ہے جب پاکستان نے کسی بھی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 3-0 سے فتح حاصل کی ہے۔
بلاشبہ تینوں میچز میں پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے جس شاندار کپتانی کا مظاہرہ کیا وہ قابل ستائش ہے، انھوں نے باؤلرز کا درست استعمال اور فیلڈ کی ترتیب درست رکھ کر بہترین منتظم کا کردار نبھایا، باؤلنگ میں تبدیلی بھی ضرورت کے مطابق کی گئی جس کی بدولت پوری ٹیم یک جان ہوکر کھیلی، نوجوان کھلاڑیوں نے جس بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا اس پر پاکستانی کرکٹ ٹیم تعریف کی مستحق ہے۔
ٹی ٹوئنٹی میچز میں ویسٹ انڈیز کے خلاف بہترین فتح کے بعد شائقین کرکٹ پرامید ہیں کہ جمعہ کو شروع ہونے والی ون ڈے میچوں کی سیریز میں پاکستان اسی لگن کا مظاہرہ کرے گا۔ واضح رہے کہ اس وقت ون ڈے کرکٹ میں عالمی رینکنگ میں پاکستان نویں پوزیشن پر ہے جب کہ اگلے ون ڈے ورلڈ کپ میں براہ راست کوالیفائی کرنے کے لیے ابتدائی آٹھ پوزیشن پر ہونا لازم ہے، پاکستان کو اپنی ون ڈے رینکنگ اوپر لانے کے لیے ابھی مزید محنت کی ضرورت ہے۔
جمعہ کو شروع ہونے والی ون ڈے میچز کی سیریز پاکستان کے لیے ایک سنہری موقع ہے جس میں ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر پاکستانی کرکٹ ٹیم ون ڈے رینکنگ میں بہتر پوزیشن پر آسکتی ہے جس کے بعد ون ڈے ورلڈ کپ براہ راست کوالیفائی کرسکے گی۔ انگلینڈ میں ون ڈے سیریز ہارنے کے بعد پاکستانی ٹیم کا جو مورال ڈاؤن ہوا تھا حالیہ جیت کے بعد اس میں بہتری کی امید جاگی ہے، ون ڈے کپتان اظہر علی کو اس سیریز میں سرفراز احمد کی طرح بہتر حکمت عملی سے ٹیم کو لڑانا ہوگا۔
کرکٹ کا کھیل ایک جنون کی حیثیت رکھتا ہے اور پاکستان میں شائقین کرکٹ کی ایک بڑی تعداد موجود ہے جو کھیل کے میدان میں اپنے ملک کا نام سرفہرست دیکھنے کی خواہشمند ہے، پاکستانی کرکٹ ٹیم کو قوم کی ان امنگوں پر پورا اترنے کے لیے سخت محنت اور جانفشانی سے کام کرنا ہوگا، کرکٹ بائی چانس کے بجائے حکمت عملی اور بہتر کارکردگی کے ذریعے ہی جیت کو اپنے نام کیا جاسکتا ہے، کوئی بھی کامیابی شارٹ کٹ سے حاصل نہیں کی جاسکتی اس کے لیے جدوجہد اور لگن کی اولین شرط ہے۔ جیت کی اس امنگ کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔ قوم پرامید ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم ون ڈے میچوں کی سیریز میں بھی اسی شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے شائقین کرکٹ کو محظوظ کرے گی۔