ٹوئنٹی 20 میچز انگلش کپتان براڈ کی شرکت مشکوک

ایڑی کی انجری میں مبتلا، فٹ نہ ہونے پر مورگن قیادت کا فریضہ انجام دینگے


Sports Desk December 12, 2012
بھارت نے سیریز کیلیے اسکواڈ میں انجرڈ تیواری کی جگہ رائیڈو کو شامل کرلیا۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

انگلش فاسٹ بولر اسٹورٹ براڈ پھر ایڑی کی انجری میں مبتلا ہوگئے جس سے ان کی ٹوئنٹی 20 میچز میں بھی شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔

وہ بھارتی ٹور کے آغاز پر بھی اس تکلیف سے دوچار ہوئے تھے، گذشتہ روز ٹریننگ سیشن کے دورن ان تکلیف دوبارہ ہونے پر انھیں اسکین کیلیے لے جایا گیا، براڈ کو ناقص فارم کی وجہ سے کولکتہ میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ سے ڈراپ کردیا گیا تھا، جمعرات سے شروع ہونے والے ناگپورٹیسٹ میں بھی انھیں واپس طلب کیے جانے کا امکان نہیں کیونکہ ان کی جگہ پانے والے اسٹیون فن کی کارکردگی بہتر رہی تھی۔

03

اسٹورٹ براڈ ٹوئنٹی 20 کے کپتان ہیں، اگر وہ بھارت کے خلاف 20 اور 22 دسمبر کو شیڈول ٹوئنٹی 20 میچز سے قبل فٹ نہیں ہوئے تو ان کی جگہ ایون مورگن قیادت کا فریضہ انجام دے سکتے ہیں۔ دوسری جانب بھارت نے انگلینڈ کے خلاف ٹوئنٹی 20 میچز کیلیے اسکواڈ میں انجرڈ منوج تیواری کی جگہ امباتی رائیڈو کو شامل کرلیا۔

تیواری سائیڈ اسٹرین کی وجہ سے 6 ہفتوں تک کیلیے کھیل سے دور ہوچکے ہیں، رائیڈو نے رواں سیزن میں رنجی ٹرافی میں برودا کی جانب سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، رواں برس آئی پی ایل سیزن میں بھی وہ ممبئی انڈینز کے روہت شرما کے بعد دوسرے بہترین بیٹسمین ثابت ہوئے البتہ اکتوبر میں کھیلی گئی چیمپئنز لیگ میں بہتر کارکردگی نہیں دکھا پائے تھے۔

مقبول خبریں