ملازمین کے ٹکٹیں بلیک کرنے پر بنگلہ دیش میں ہنگامہ برپا

گرائونڈز مین کی گرفتاری کے بعد بورڈ میں آپریشن کلین اپ کا مطالبہ سامنے آگیا


Sports Desk December 12, 2012
بارڈر گارڈ بنگلہ دیش اہلکاروں نے 7 افراد کو گرفتار کیا، ان میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے دو گرائونڈ مین بھی شامل تھے۔ فوٹو: فائل

ملازمین کے ٹکٹیں بلیک کرنے پر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ میں ہنگامہ برپا ہوگیا۔

گرائونڈز مین کی گرفتاری کے بعد آپریشن کلین اپ کا مطالبہ سامنے آگیا، بورڈ آفیشل غازی اشرف حسین کا کہنا ہے کہ ٹکٹوں کی بلیک مارکیٹنگ اور جعلی ٹکٹ فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز سے ون ڈے سیریز میں بنگلہ دیش کی فتح کے بعد واحد ٹوئنٹی 20 میچ کیلیے شائقین کا جوش وخروش عروج پر پہنچا ہوا تھا جس سے بعض بورڈ آفیشلز نے بھی مال بنانے کی کوشش کی، اس دوران ٹکٹوں کی بلیک مارکیٹنگ کے ساتھ جعلی اور اعزازی ٹکٹیں بھی بیچی گئیں۔

بارڈر گارڈ بنگلہ دیش اہلکاروں نے 7 افراد کو گرفتار کیا، ان میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے دو گرائونڈ مین بھی شامل تھے، بی جی بی نے میچ سے قبل وی آئی پی گیٹ سے ایک ٹکٹ بلیک کرنے والے کو گرفتار کیا،اس کی نشاندہی پر میڈیا سینٹر کے قریب موجود فوڈ کورٹ سے ایک شخص کو پکڑکر ٹکٹوں کا بنڈل برآمد کیا گیا،پھر دونوں گرائونڈ مین کو بھی حراست میں لیا گیا جن سے ٹکٹوں کی بنڈل برآمد ہوئے۔

04

دوسری جانب پولیس نے جب نارتھ گیٹ کے سامنے سے ایک یونیورسٹی اسٹوڈنٹ کو جعلی ٹکٹوں کی گڈی کے ساتھ پکڑا تو بی سی بی کے ایک لائزن آفیسر سرفراز نواز بابو نے لڑکے کو چھوڑنے کیلیے پولیس کو 5 ہزار ٹکا رشوت کی پیشکش کی۔

انھوں نے بعد میں دعویٰ کیا کہ خود پولیس والے رقم لے کر لوگوں کو گرائونڈ میں داخل کررہے تھے۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ گیلری کی 50 ٹکا والی ٹکٹیں 1500 ٹکا تک فروخت کی گئیں۔ بورڈ کی آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین غازی اشرف حسین کا کہنا ہے کہ وہ اس سارے معاملے سے آگاہ اور اس میں شامل بورڈ ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کریں گے۔

مقبول خبریں