زمین کو گرمانے والی گیسوں کی ایک اور قسم پر پابندی کی تیاری

فضا میں ایچ ایف سی کی مقدار کاربن ڈائی آکسائیڈ کا صرف 2 فیصد ہے لیکن اس کے اثرات 29 گنا زیادہ ہیں۔


ویب ڈیسک October 13, 2016
فضا میں ایچ ایف سی کی صرف ایک ٹن مقدار کے اثرات 1430 ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے برابر ہوں گے۔ (فوٹو: فائل)

لاہور: ایچ ایف سی یا ''ہائیڈرو فلورو کاربنز'' کہلانے والی یہ گیسیں اوزون کو نقصان تو نہیں پہنچاتیں لیکن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے مقابلے میں فضا کو 1430 گنا زیادہ گرم کرسکتی ہیں۔

ماحولیاتی تحفظ کے پیرس معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے روانڈا کے شہر کیگالی میں اقوامِ متحدہ کا خصوصی اجلاس جاری ہے جس میں ماحول کو گرمانے والی ایک اور گیس (یعنی گرین ہاؤس گیس) پر پابندی لگانے کا امکان ہے۔

تقریباً 30 سال کے عرصے میں یہ دوسرا موقعہ ہوگا جب کسی گیس کے اخراج پر مکمل پابندی کا ممکنہ فیصلہ کیا جائے گا۔ قبل ازیں 1987 میں ''مونٹریال پروٹوکول'' کے تحت ماحولیاتی ماہرین نے ریفریجریٹروں میں استعمال ہونے والی ''کلورو فلورو کاربنز'' (سی ایف سی) گیسوں پر عالمی پابندی عائد کی تھی کیونکہ اس قبیل کی گیسیں، زمین کے گرد موجود اوزون کے غلاف کو شدید نقصان پہنچا رہی تھیں۔

اس پابندی کا فوری اطلاق کیا گیا اور ریفریجریٹروں/ ڈیپ فریزروں میں استعمال کے لیے ایک اور قسم کی گیسیں ''ایچ ایف سی'' منظور کرلی گئیں۔ لیکن حالیہ چند برسوں کے دوران معلوم ہوا ہے کہ ایچ ایف سی گیسیں اگرچہ اوزون کے لیے بے ضرر ہیں لیکن یہ کاربن ڈائی آکسائیڈ کے مقابلے میں 1430 گنا زیادہ حرارت جذب کرنے اور ماحول کو زیادہ گرم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

اس کا مطلب یہ ہوا کہ فضا میں ایچ ایف سی کی صرف ایک ٹن مقدار کے اثرات 1430 ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے برابر ہوں گے۔ ماہرین کو امید ہے کہ دنیا کی تمام اقوام اس پابندی کے لیے رضامند ہوجائیں گی جس پر عملدرآمد کا سلسلہ 2018 کے لگ بھگ شروع ہوجائے گا۔

اگر سی ایف سی گیسوں پر واقعتاً پابندی لگادی گئی تو اس سے 2050 تک تقریباً 7 کروڑ ٹن ایچ ایس سی کا اخراج روکا جاسکے گا جو 100 سے 200 ارب ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کو فضا میں داخلے سے باز رکھنے کے مترادف ہوگا۔ ایچ ایف سی پر عالمی پابندی کی منظوری یا عدم منظوری میں سے کسی ایک کا فیصلہ 14 اکتوبر 2016 تک سب کے سامنے آجائے گا۔

واضح رہے کہ اس وقت فضا میں ایچ ایف سی گیسوں کی مقدار، کاربن ڈائی آکسائیڈ کے مقابلے میں صرف 2 فیصد ہے لیکن اسی معمولی مقدار کے اثرات ساری کاربن ڈائی آکسائیڈ کی نسبت 29 گنا زیادہ ہیں۔

 

مقبول خبریں