نوازشریف ہمیشہ عدلیہ کو ٹف ٹائم دیتے ہیں اسی لیے انہیں بادشاہ کہتا ہوں خورشید شاہ

نوازحکومت پہلے بھی میڈیا پر قدغن لگا چکی ہے اور تاحال یہ ریت قائم ہے، قائد حزب اختلاف


ویب ڈیسک October 14, 2016
نواز حکومت پہلے بھی میڈیا پر قدغن لگا چکی ہے اور تاحال یہ ریت قائم ہے، خورشید شاہ فوٹو؛ فائل

پارلیمنٹ میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہمیشہ عدلیہ کو ٹف ٹائم دیتی رہی ہے اسی وجہ سے وہ نواز شریف کو بادشاہ کہتے ہیں۔

سکھر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ وہ تسلیم کرتے ہیں کہ پیپلز پارٹی پنجاب میں عوام کی توقعات پر پوری نہیں اتر پائی، ماضی کے انتخابات میں ٹھیک کام نہ کرنا بھی ہماری کمزروی تھی اور پولیس میں بھی سیاسی مداخلت رہی ہے لیکن اب ایسا کچھ بھی نہیں ہوگا ہم اس کا ازالہ کریں گے۔

انگریزی اخبار کی خبر کی بنیاد پر صحافی کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے پر پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پہلے بھی میڈیا پر قدغن لگائی اوراب بھی ایسا کررہی ہے، چوہدری نثار کو پہلے اپنا گھر ٹھیک کرنا چاہیے کہ اتنے اہم اجلاس کی باتیں باہر کیسے آئیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہمیشہ عدلیہ کو ٹف ٹائم دیتی رہی ہے اسی وجہ سے وہ نواز شریف کو بادشاہ کہتے ہیں۔

متحدہ قومی موومنٹ لندن کے بانی کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ خارج ہونے پر خورشید شچاہ نے کہا کہ ایم کیوایم کے بانی پر منی لانڈرنگ کیس ختم ہونےپر ہم کچھ نہیں کہہ سکتے کیونکہ یہ اسکاٹ لینڈیارڈ کا معاملہ ہے۔