ایک سال میں نوری آباد کی تقدیر بدل دینگے غوث علی شاہ

پالاری قوم کی 40 سالہ خدمات پر پی پی نے انہیں کچھ نہیں دیا، تقریب سے خطاب


Nama Nigar December 13, 2012
غوث علی شاہ نے ٹرانسپورٹرز کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ان کے مسائل حل اور عوام کو ریلیف فراہم کرے۔ فوٹو: ایکسپریس

مسلم لیگ نواز سندھ کے صدر سید غوث علی شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے اپنے دور حکومت میں ملک کیلیے کچھ نہیں کیا، امن و امان کی صورت حال خراب ہے، لوگ خوف کے باعث گھر سے نہیں نکل سکتے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوری آباد میں آل پاکستان بچائو کمیٹی کے چیئرمین اور پالاری قوم کے سردار حاجی رمضان خان پالاری کی برادری سمیت مسلم لیگ نواز میں شمولیت کے موقع پر تقریب میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

غوث علی شاہ نے مزید کہا کہ پالاری قوم کی 40 سالہ خدمات پر پی پی نے انہیں کچھ نہیں دیا، لیکن ہم ایک سال میں نوری آباد کی تقدیر بدل دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون کالا باغ ڈیم کی مخالفت کرتی ہے، ہم سندھ کے ساتھ ہیں، پی پی نے سندھ کی جو تقسیم کی ہے اس کے خلاف فنکشنل لیگ کے جلسے کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

04

نواز شریف کے دور حکومت میں سندھ سے ڈاکو راج کا خاتمہ کیا گیا اور غریب ہاریوں کی زمینیں واپس دلائی گئیں، مگر آج امن و امان کی صورتحال یہ ہے کہ کوئی آدمی بلا خوف و خطر ایک جگہ سے دوسری جگہ نہیں جا سکتا، کراچی میں روزانہ لاشیں اٹھائی جا رہی ہیں۔

مسلم لیگ نون سندھ میں رائج بلدیاتی نظام کے خاتمے تک خاموش نہیں بیٹھے گی۔ غوث علی شاہ نے ٹرانسپورٹرز کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ان کے مسائل حل اور عوام کو ریلیف فراہم کرے۔ تقریب سے حاجی رمضان پالاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ کے پلیٹ فارم پر آنے سے سندھ کے مسائل کا خاتمہ ہو گا۔

مقبول خبریں