نوجوان پر تشدد کے الزام میں پیپلز پارٹی کا رہنما گرفتار

عدالت نے ضمانت منظور کرلی، رہائی کا حکم،نوجوان سے مسروقہ موٹر سائیکل برآمد


Nama Nigar December 14, 2012
عدالت نے ملزم کی ضمانت منظور کرتے ہوئے اوریجنل کاغذات جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔ فوٹو: فائل

ٹنڈو محمد خان میں نوجوان کو برہنہ کر کے مبینہ تشددکرنے کے الزام میں پولیس نے مقدمہ درج کر کے پیپلز پارٹی کے رہنما اور ہیومن رائٹس کمیشن کے ضلعی صدر پیر احمد جان سرہندی کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا، عدالت نے ضمانت پر رہائی کا حکم دے دیا۔

نجی ٹی وی چینل پر ایک نوجوان کو برہنہ کر کے تشدد کرنے کی ویڈیو ٹیلی کاسٹ ہونے کے بعد ٹنڈو محمد خان پولیس نے ایس ایچ او شمس کھوکھر کی مدعیت میں پیپلز پارٹی کے رہنماء اور ہیومن رائٹس کمیشن کے ضلعی صدر پیر احمد جان سرہندی کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں پیر محلہ میں واقع ان کے گھر سے گرفتارکر لیا جنہیں مقامی مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے ملزم کی ضمانت منظور کرتے ہوئے اوریجنل کاغذات جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

پیر احمد جان سرہندی کا کہنا ہے کہ واقعہ 6 ماہ قبل کا ہے جس میں کاشف لاشاری نامی نوجوان نے مسجد کے باہر سے موٹر سائیکل چرائی تھی جسے اہل محلہ پکڑ کر مارتے ہوئے ان کے پاس لائے، ملزم کے جسم سے کپڑے بھی پھٹ کر اتر چکے تھے، ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ملزم پر تشدد نہیں کیا بلکہ اس سے پوچھ گچھ کی تھی جس کے بعد ملزم سے مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ علاقہ کونسلر بھی رہے ہیں اور لوگ اپنے سماجی مسائل کے حل کے لیے ان کے پاس آتے ہیں جبکہ متاثرہ نوجوان کے والد ابراہیم کا کہنا ہے کہ ان کا بیٹا خراب صحبت میں رہنے کے باعث بگڑگیا ہے اور اُس نے انہیں بھی گھر سے نکال دیا ہے۔

مقبول خبریں