مٹھی میں سندھ کول کا دفتر نجی کمپنی کا گودام بنادیا گیا

کڑوے پانی کو میٹھا بنانے والی کمپنی نے سیمنٹ، پائپ، فلٹر پلانٹ اور دیگر سامان بھر دیا


Nama Nigar December 15, 2012
مٹھی میں تھرکول پروجیکٹ کا دفتر جسے متعلقہ افسران کی ملی بھگت سے گودام بنادیا گیا ہے۔ فوٹو : شاہد علی / ایکسپریس

تھرپارکر میں زیر زمین کوئلے کے ذخائر کو استعمال میں لانے کے لیے مٹھی میں قائم کیے گئے تھرکول آفس کو افسران نے پرائیویٹ کمپنی کا گودام بنادیا۔

کمپنی کے پانی کے پلانٹ کے مٹیریل سے دفتر بھر گیا، سندھ کول کی قیمتی مشینری، جنریٹر، فرنیچر بھی کمپنی پانچ سال سے استعمال کررہی ہے۔ کمیشن وصول کرنے کا انکشاف۔ تفصیلات کے مطابق تھرپارکر کے اربوں ٹن کوئلے کو استعمال میں لانے اور بیرونی دنیا سے آنے والی کمپنیوں کو تھر کول فیلڈ کا معائنہ کرانے اور دیکھ بھال کے لیے مٹھی میں سندھ کول کا سائٹ دفتر ایک پرائیویٹ کمپنی پاک اوسس کے حوالے کردیا گیا ہے۔ کمپنی سندھ کول کے تعاون سے تھرپارکر کے دیہی علاقوں میں کڑوے پانی کو میٹھا بنانے کے پلانٹ لگانے کا کام کرتی ہے۔

2

سندھ کول کے کراچی کے افسران نے سائٹ آفس کو مذکورہ کمپنی کا گودام بنادیا ہے۔ آفس کے کمروںمیں ہزاروں کی تعداد میں سیمنٹ کی بوریاں، پائپ، فلٹر پلانٹ اور سریا رکھا گیا ہے۔ 5 سال سے سندھ کول کی کرین مشین، ویلڈنگ پلانٹ اور ڈرلنگ مشین بھی مذکورہ کمپنی کے زیر استعمال ہیں اور افسروں نے آفس کا فرنیچر، ہیوی جنریٹر اور پاک اوسس کے حوالے کررکھے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مٹھی سائٹ آفس، مشینری سمیت سندھ کول کے ملازمین کو بھی کمپنی کے ماتحت کیا گیا ہے اور اس کے بدلے سندھ کول کے اعلیٰ افسران کروڑوں روپے ماہوار کمیشن اور مراعات کمپنی سے لیتے ہیں۔

اس حوالے سے رابطے پر پاک اوسس تھرپارکر کے انچارج اقبال احمد نے تھرپارکر میڈیا سینٹر کی ٹیم کو بتایا کہ آفس کو گودام بنانے کی ہدایت ہماری کمپنی کی انتظامیہ نے دی ہے۔ مزید معلوم نہیں کہ وہ آفس کا کرایہ دیں گے یا کوئی اور معاہدہ ہے۔ مٹھی سائٹ آفس کے عملے نے کچھ بھی بتانے سے انکار کردیا۔

مقبول خبریں