میگ لیننگ نے آسٹریلین ون ڈے میں انفرادی اننگز کا نیا ریکارڈ بنا دیا

آسٹریلین ٹیم کی کپتان میگ لیننگ نے وکٹوریہ کی جانب سے کھیلتے ہوئے 153 گیندوں پر 190رنز اسکورکیے


Sports Desk October 31, 2016
اس سے قبل میگ لیننگ کا انفراد ی اسکور 175 رنز تھا۔ فوٹو: فائل

میگ لیننگ نے آسٹریلین ڈومیسٹک ون ڈے کرکٹ میں انفرادی اننگز کا اپنا ہی ریکارڈ مزید بہتر کرلیا، ویمنز نیشنل کرکٹ لیگ میں تسمانیہ کیخلاف ان کی ٹیم وکٹوریہ نے 157رنز سے کامیابی حاصل کی۔

فاتح ٹیم نے 3 وکٹ پر 320رنز جوڑے، ناکام سائیڈ 163 پر ہمت ہارگئی، لیننگ نے اس میں 153 گیندوں پر 190رنز اسکورکیے، اس سے قبل 175 کی بہترین انفرادی اننگز کا ریکارڈ بھی ان کے نام درج تھا، یہ کارنامہ انھوں نے اے سی ٹی کیخلاف 2012 میں انجام دیا تھا۔

آسٹریلوی کپتان نے دوسری وکٹ کیلیے جیس کیمرون کے ہمراہ 288 رنز کی ریکارڈ شراکت بھی بنائی، جیس 108رنز بناکر میدان بدر ہوئیں، یہ ایونٹ میں کسی بھی وکٹ کیلیے اب تک کی سب سے بڑی شراکت شمار ہوئی۔