گورنر سے کامیاب مذاکرات شیعہ علما کونسل کا دھرنا ختم

قاتلوں کوگرفتار، جاں بحق افراد کے اہلخانہ کو معاوضہ دیا جائے، شیعہ علما کونسل.


Staff Reporter December 17, 2012
گورنر سے کامیاب مذاکرت کے بعد احتجاجی دھرنے کے شرکا احتجاج ختم کرکے واپس جارہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور شیعہ علما کونسل کے رہنمائوں کے درمیان مذاکرات کامیاب ، ملت جعفریہ نے تین روز سے نمائش چورنگی پر جاری دھرنا ختم کردیا۔

تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور ملت جعفریہ کی مختلف تنظیموں کے رہنمائوں علامہ ناظر عباس تقوی، علامہ مرزا یوسف حسین، مولانا صادق رضا، مولانا صغیر عابد نقوی، ایس ایم نقی سمیت دیگر کے درمیان اتوار کی علی الصباح گورنر ہائوس میں 4 گھنٹے طویل مذاکرات ہوئے، مذاکرات میں آئی جی سندھ، کمشنر کراچی سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے، ملت جعفریہ کے رہنمائوں نے گورنر سندھ سے مطالبہ کیا کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے دوران جو بھی شہری جاں بحق ہوتا ہے اس کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔

انھوں نے مطالبہ کیا کہ جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ کو 20 لاکھ روپے فی کس معاوضہ ادا کیا جائے اور مقتول کے اہل خانہ میں سے کسی ایک شخص کو سرکاری ملازمت فراہم کی جائے، انھوں نے مطالبہ کیا کہ ان واقعات میں زخمی ہونے والے ایسے افراد جومعذور ہوجاتے ہیں ان کو بھی سرکاری ملازمت فراہم کی جائے۔

05

ان رہنمائوں نے گورنر سندھ سے مطالبہ کیا کہ کراچی میں دہشت گردوں کے خلاف بلا تفریق آپریشن کیا جائے اور اشتعال انگیز تقاریر اور پمفلٹ کی اشاعت پر پابندی عائد کی جائے، گورنر سندھ نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کراچی میں قیام امن کے قیام کیلیے بھرپور اقدامات کررہی ہے اور کراچی میں دہشت گردوں کیخلاف قانون نافذ کرنے والے ادارے موثر کارروائی کررہے ہیں اور جلد کراچی سے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو ختم کردیا جائے گا۔

انھوں نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے مطالبات ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے،گورنر سندھ کی یقین دہانی کے بعد ملت جعفریہ کے رہنما مذاکرات ختم کرکے واپس نمائش چورنگی پہنچے جہاں انھوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم گورنر سندھ کی یقین دہانی پر مطمئن ہیں ، انھوںنے دھرنے میں شریک افراد کا شکریہ ادا کیا اور دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا، جس کے بعد دھرنے کے شرکا پرامن طور پر منتشر ہوگئے اور تین روز سے بند ایم اے جناح روڈ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔

مقبول خبریں