موسمیاتی تبدیلی کا عالمی معاہدہ پاکستان نے توثیق کر دی

ماحولیاتی اور موسمیاتی تبدیلیوں کی بناء پر دنیا میں طوفانوں اور زلزلوں کے امکانات میں پہلے کی نسبت بہت اضافہ ہو گیا ہے


Editorial November 13, 2016
: فوٹو : ریڈیو پاکستان

پاکستان نے پیرس میں ہونے والے موسمیاتی تبدیلی کے معاہدے کی توثیق کر دی ہے۔ اس معاہدے کی توثیق کے بعد پاکستان معاہدے کی توثیق کرنے والا 104 واں ملک بن گیا ہے۔ اس معاہدے پر اسی ماہ کے آغاز سے عملدرآمد شروع ہو چکا ہے۔

اس معاہدے میں رکن ممالک پر زور دیا گیا ہے کہ وہ عالمی درجہ حرارت 2 ڈگری سیلسیئس کم رکھنے کی کوشش کریں گے اور گرین ہارس گیسوں کے اخراج میں کمی کر دی جائے۔

ماحولیاتی اور موسمیاتی تبدیلیوں کی بناء پر دنیا میں طوفانوں اور زلزلوں کے امکانات میں پہلے کی نسبت بہت اضافہ ہو گیا ہے جس کی بناء پر پہاڑوں کے گلیشیئر اور سمندری آئس برگ پگھل رہے ہیں اور سمندروں کی سطح میں اضافے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے جس کے نتیجے میں کئی جزیرے غرقاب ہو سکتے ہیں۔ نیز بڑے ملک کے ساحلی علاقوں کے بھی سمندربرد ہونے کا خطرہ لاحق ہے۔

اس کے علاوہ بھی موسمیاتی طور پر کئی غیرمعمولی تبدیلیاں نظر آ رہی ہیں۔ مثال کے طور پر نومبر کا مہینہ موسم سرما کا مہینہ تصور کیا جاتا ہے مگر یہاں پاکستان میں آدھا نومبر ختم ہو جانے کے باوجود ابھی تک سردی شروع نہیں ہوئی اور دوپہر کی دھوپ میں بدستور پسینہ بہتا ہے۔