گلوکار اے نیئر کا انتقال
اے نیئر نے پاکستانی فلم انڈسٹری اور پی ٹی وی کے لیے درجنوں گیت گائے جو بہت مقبول ہوئے
KARACHI:
خوش شکل اور میٹھی آواز والے گلوکار اے نیئر کا طویل بیماری کے بعد گزشتہ روز لاہور میں انتقال ہوگیا۔ اے نیئر کو پاکستانی کشورکمار بھی کہا جاتا تھا۔ اے نیئر نے پاکستانی فلم انڈسٹری اور پی ٹی وی کے لیے درجنوں گیت گائے جو بہت مقبول ہوئے۔
ایک اندازے کے مطابق اس کے فلمی اور ٹی وی گیتوں کی تعداد چھ ہزار سے زائد ہے۔ وہ اردو کے علاوہ پنجابی اور انگریزی زبان میں اپنی آواز کا جادو جگاتے تھے۔ کرسمس کے موقع پر تقریبات میں اس کی خاص پذیرائی کی جاتی تھی۔ انھوں نے 1974ء میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔
1980ء میں اے نیئر نے ''ایونجرز'' نامی ایک بینڈ میں شمولیت اختیار کی۔ دس سال کا عرصہ انھوں نے ایونجرز کے ساتھ گزارا۔ فلمی گیتوں سے انھیں ملک گیر شہرت ملی۔ پاکستانی فلموں کے زوال کے باعث وہ پس منظر میں چلے گئے، جوان بیٹے کی موت نے انھیں مزید تنہائی کا شکار کیا۔
بہرحال اے نیئر پاکستانی میوزک کا نامور ستارہ تھے۔ ان کا یہ گیت ''یونہی دن بیت جائیں گے، یونہی شام ڈھل جائے گی'' بہت مقبول ہوا۔ انتقال کے وقت ان کی عمر 66 سال تھی۔