گرین پاکستان پروگرام میں تعطل کیوں

حکومت نے وزیراعظم گرین پاکستان پروگرام کے لیے ابتدائی طور پرکل5 ارب روپے جاری کرنے کا اعلان کیا تھا


Editorial November 15, 2016
مجموعی طور پر3 ارب 70 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی جس میں سے 2 ارب روپے وفاقی حکومت کو جاری کرنے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

MULTAN: پاکستان میں شجر کاری کی تقریبا ساری مہموں کا ایک جیسا انجام نامعلوم کیوں ہوتا ہے، بعض اسے افسر شاہی کا شاخسانہ جب کہ سیاسی جماعتوں اور این جی اوز کا کہنا ہے کہ اس مہم کو کرپشن اور سرکاری محکموں کے فرض ناشناس عملے کے ہاتھوں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑتا ہے، چنانچہ وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے ملک بھر میں 10 کروڑ نئے پودے لگانے کے لیے منظور شدہ وزیراعظم گرین پاکستان پروگرام کاآٹھ ماہ کا طویل عرصہ گزرنے کے بعد بھی انجام اسی طرح کا ہوا، خبر کے مطابق اس منصوبہ کے لیے رواں مالی سال2016-17کے وفاقی بجٹ میں مختص شدہ ایک ارب روپے میں سے اب تک کوئی رقم جاری نہیں کی گئی۔

دستاویز کے مطابق حکومت نے وزیراعظم گرین پاکستان پروگرام کے لیے ابتدائی طور پرکل5 ارب روپے جاری کرنے کا اعلان کیا گیا تھا اور یہ بھی کہا گیا تھا کہ اس منصوبے کے لیے 50 فیصد فنڈنگ صوبے کریںگے، دستاویز میں کہا گیا کہ وزارت موسمیاتی تبدیلی کے لیے رواں مالی سال کے وفاقی بجٹ میں گرین پاکستان پروگرام سمیت 3منصوبوں کے لیے مجموعی طور پر1 ارب 2کروڑ 70 لاکھ روپے مختص کیے گئے تھے جس میںسے اب تک محض ایک کروڑ 8 لاکھ روپے ہی جاری کیے گئے۔

دستاویز کے مطابق گزشتہ ہفتے سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی اجلاس میں وزیر اعظم گرین پاکستان منصوبہ کے لیے مجموعی طور پر3 ارب 70 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی جس میں سے 2 ارب روپے وفاقی حکومت کو جاری کرنے ہیں جب کہ باقی1 ارب 70 کروڑ روپے تمام صوبائی حکومتیں فراہم کریں گی۔ اب بھی پانی سر سے اونچا نہیں ہوا، متعلقہ ادارے اس کوتاہی کا نوٹس لیں، ذمے داروں کا احتساب جب کہ گرین پاکستان پروگرام کے اجرا کا ٹھوس طریقے پر بندوبست کریں۔