اسرائیلی صدر کا دورئہ بھارت

اسرائیلی صدر کے دورے کے دوران زراعت، تعلیم اوردیگر شعبوں میں کئی معاہدے طے پانے کا امکان ہے


Editorial November 15, 2016
خطے میں بالادستی کے جنون نے بھارت کو انسانی اقدار سے بہت دورکردیا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

سات پاکستانی فوجی نشانہ بن کر شہید ہوئے، بھارت کی بلااشتعال فائرنگ سے لائن آف کنٹرول پر۔آخرایسا کیا ہے جو بھارت کی جارحیت روزبہ روزبڑھتی جارہی ہے اوراس کی سفاکیت میں اضافہ ہورہا ہے۔ صرف ایک خبرکو مدنظر رکھتے ہوئے ہرکوئی اندازہ کرسکتا ہے کہ یہ سب کیوں ہے اور اس کے پس منظر میں اصل کہانی کیا ہے۔

اسرائیلی صدر ریوینن ریولین چھ روزہ دورے پر بھارت پہنچ گئے ہیں، دورے کے دوران زراعت، تعلیم اوردیگر شعبوں میں کئی معاہدے طے پانے کا امکان ہے،اسرائیلی صدر کے ہمراہ تعلیمی اورکارروباری افرادکا وفد بھی بھارت آیا ہے۔ اسرائیلی ریاست نے جس طرح فلسطینوں کا جینا دوبھرکررکھا ہے بلکہ اسی طرح بھارت نے کشمیریوں کی جدوجہد کو سفاکانہ اندازمیں کچلنے کی پالیسی اپنا رکھی ہے۔

طرز حکومت دونوں کا انتہائی بے رحمانہ ہے، قابض اور غاصب دونوں ہیں، ایک نے فلسطین کی سرزمین پر ناجائز قبضہ کیا اور دوسرے نے جنت نظیر کشمیر پر بزورطاقت اپنا تسلط قائم کر رکھا ہے، دونوں ممالک میں انتہاپسندانہ خیالات کی حامل جماعتیں اور شخصیات برسراقتدار ہیں۔اقوام متحدہ کی منظورکردہ قراردادوں کے باوجود مسئلہ فلسطین اور کشمیرہنوز حل طلب ہیں۔

لاکھوں جانوں کی قربانیاں دے چکے ہیں،کشمیر میں تو نوجوان برہان وانی کی شہادت جدوجہد آزادی کو مہمیز ملی ہے، تین ماہ ہوگئے کہ مقبوضہ کشمیر میں احتجاج کا طوفان تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہا،اس جدوجہدکو دبانے کے لیے بھارتی افواج نے مظالم کی انتہاکردی ہے، لیکن کشمیریوں کے جذبہ حریت میں کوئی کمی نہیں آئی ہے۔

بھارتی افواج کی بلااشتعال فائرنگ سے سات فوجی جوانوں کی شہادت نے پاکستانی قوم کے حوصلے مزید بلندکردیے ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہم کسی بھی جارحیت کے خلاف مادر وطن کے دفاع کی بھرپورصلاحیت رکھتے ہیں۔یہ امر انتہائی افسوسناک ہے کہ حالیہ دنوں میں بھارتی افواج نے لائن آف کنٹرول پر سیزفائر معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کی ہے۔

دوسری جانب آرمی چیف نے کہا بھارت کی جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑجواب دیتے رہیں گے، ملک کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری نے کہا مودی سرکارخون کی پیاسی بن چکی ہے لیکن پاکستانی عوام اور افواج مل کر اس کے خونی خواب چکنا چورکردیں گے۔اس میں کوئی دو رائے نہیں، دفاع وطن سے کوئی بھی غافل نہیں۔

سیاسی جماعتیں، عوام اورافواج یکسو اوریک جان ہیں تو بھارت کی سازشیں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتیں۔دوسری جانب کنٹرول لائن پربھارتی جارحیت کے بعد وفاقی حکومت نے آزادکشمیرحکومت کوجنگ بندی لائن کے قریب آبادی کومحفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا منصوبہ بنانے کی ہدایت کردی ہے۔سویلین ہلاکتوں کوروکنے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیاہے۔ عام طور پرکنٹرول لائن کے انتہائی قریب واقع آبادی کومنتقل کیا جاتا تھا لیکن اس بار بھارتی جارحیت زیادہ ہے اس لیے یہ منصوبہ بنایاگیا ہے۔

خطے میں بالادستی کے جنون نے بھارت کو انسانی اقدار سے بہت دورکردیا ہے،آزاد کشمیر کے باسیوں کی نقل مکانی ہوتی ہے تو یہ افسوس ناک انسانی المیہ ہوگا، پاکستان کوچاہیے کہ وہ سفارتی محاذ پر بھارت کو شکست دے اورعالمی رائے عامہ ہموارکرکے کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کو رکوائے۔