بھارت کی بڑھتی ہوئی اشتعال انگیزیاں

چکوٹھی سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کے قریب واقع اسکول بند کر دیے گئے ہیں


Editorial November 20, 2016
فوٹو : فائل

بھارتی فوج نے ایک بار پھر سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایل او سی کھوئی رٹہ سیکٹر کے گاؤں سنگالا پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی جس سے 4بچے شہید اور ایک زخمی ہو گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے ہفتے کو صبح ساڑھے نو بجے بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا' پاک فوج کی جانب سے بھارتی فائرنگ اور گولہ باری کا بھرپور جواب دیا اور موثر انداز میں بھارتی پوسٹوں کو ہدف بنایا گیا۔

چکوٹھی سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کے قریب واقع اسکول بند کر دیے گئے ہیں' بھارتی گولہ باری کے نتیجے میں سرحدی علاقوں سے ہزاروں افراد محفوظ مقامات پر منتقل ہو چکے ہیں۔ ادھر پاک فوج نے آزاد کشمیر کی فضائی حدود سے جاسوسی کے لیے گھسنے والے بھارتی ڈرون طیارے کو مار گرایا' آئی ایس پی آر کے مطابق اس ڈرون طیارے کے ملبے کو قبضے میں لے لیا گیا ہے' یہ ڈرون ویڈیو بنانے والا کواڈ کوپٹر تھا' پاکستان کے دفاعی ماہرین کے مطابق یہ پاک فوج کی چوکیوں اور فوجی پوزیشن کے بارے میں معلومات جمع کرنے کے لیے بھیجا گیا تھا۔

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے ہفتے کو سلیمانکی سیکٹر کے دورے کے موقع پر جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں غیر معمولی کامیابیوں کے ساتھ پاک فوج دنیا کی مضبوط ترین جنگجو فوج بن چکی ہے اور وہ ہر قسم کی روایتی جنگ کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور اس نے اپنی قابل فخر روایات کو برقرار رکھا ہوا ہے۔

بھارت نے گزشتہ کچھ عرصے سے سرحدوں پر فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ شروع کرکے کشیدگی کا ماحول پیدا کر رکھا ہے۔ پاکستان کی جانب سے عالمی دنیا اور اقوام متحدہ کی اس جانب توجہ دلانے کے باوجود بھارت اپنی جارحیت سے باز نہیں آ رہا بلکہ اپنے جارحانہ اقدامات کو روز بروز وسعت دے رہا ہے۔

چند روز قبل بھی بھارتی ایٹمی آبدوز پاکستانی سمندری حدود میں داخل ہو گئی تھی جس پر پاک بحریہ نے اس کا تعاقب کر کے اسے پاکستانی ساحلوں سے مار بھگایا اور اس طرح اس کا خفیہ مشن ناکام بنا دیا۔ اب بھارت نے پاکستانی دفاعی پوزیشنوں کا جائزہ لینے کے لیے ڈرون طیارہ بھیج دیا لیکن ہماری افواج نے اسے مار گرایا اور بھارتی عزائم کو پورا نہ ہونے دیا۔ اس تناظر میں یہ معلوم ہوتا ہے کہ بھارت زمینی' سمندری اور فضائی راستوں کے ذریعے پاکستان کے خلاف بلااشتعال کارروائیاں کر رہا ہے۔

سمندری اور فضائی راستوں کے ذریعے بھارت کے ان خفیہ مشن کے کیا مقاصد تھے اور اس نے پاکستان کو نقصان پہنچانے کے لیے کیا اہداف مقرر کر رکھے ہیں ابھی صورت حال واضح نہیں ہوئی۔ بھارت کی جارحانہ کارروائیوں کے خلاف پاکستان دفاعی پوزیشن اختیار کیے ہوئے ہے اور کوئی بھی ایسا اقدام کرنے سے گریزاں ہے جس سے پورے خطے کا امن داؤ پر لگ جائے' پاکستان خطے کا امن برقرار رکھنے کے لیے انتہائی صبر و تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ جب سے سی پیک کا منصوبہ شروع ہوا ہے بھارت پاکستان کے خلاف اپنی جارحانہ کارروائیوں میں تیزی لے آیا جس کا مقصد پاکستان کو اشتعال دلا کر خطے کی صورت حال خراب کرنے کے علاوہ سی پیک منصوبے کو نقصان پہنچانا ہے۔

پاکستان بھارت کے ان مکروہ عزائم سے بخوبی آگاہ ہے لہٰذا وہ دفاعی پوزیشن پر رہتے ہوئے اپنی بہترین جنگی حکمت عملی کی بدولت بھارتی خفیہ منصوبوں کو ناکام بنا رہا ہے۔ بھارت افغانستان کے راستے پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں بھی مصروف ہے جس کی جانب پاکستان نے امریکا اور اقوام متحدہ کی توجہ بار بار دلائی مگر ان عالمی قوتوں کی جانب سے ابھی تک بھارتی جارحیت کے خلاف کوئی نوٹس نہیں لیا گیا۔ کلبھوشن یادیو جیسے نا جانے کتنے جاسوسوں کی مدد سے بھارت پاکستانی مفادات کو زک پہنچانے میں مصروف ہے۔

سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ نریندر مودی عوام میں اپنی گرتی ہوئی مقبولیت کو سہارا دینے کے لیے پاکستان کے خلاف جارحانہ کارروائیوں کا کارڈ کھیل رہے ہیں تاکہ آیندہ انتخابات میں وہ عوام کی ہمدردیاں سمیٹ کر کامیابی حاصل کر سکیں۔ پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا کا کہنا ہے کہ بھارت کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر کشیدگی بڑھا کر عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں اپنے مظالم سے ہٹانے کی کوشش کر رہا کیونکہ مقبوضہ کشمیر میں جاری قتل عام اور بھارت کے انسانیت کے خلاف اقدامات نے پوری دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔

بھارت کے موجودہ جارحانہ عزائم دیکھتے ہوئے یہ اندازہ لگانا قطعی مشکل نہیں کہ وہ سرحدی خلاف ورزیوں سے باز نہیں آئے گا اور آیندہ بھی فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ جاری رکھے گا۔ لہٰذا بھارت کے ان عزائم کو بھانپتے ہوئے پاکستان کو اپنی سرحدوں کے دفاع اور داخلی سلامتی کے لیے موثر اقدامات اٹھانے ہوں گے۔