شاہد آفریدی کا بیٹ دوبارہ رنز اگلنے لگا

مسلسل دوسرے وارم اپ میچ میں نصف سنچری داغتے ہوئے 90 رنز بنائے، اظہر علی اور محمد حفیظ کی شاندار سنچریاں


Sports Reporter December 20, 2012
لاہور: قذافی اسٹیڈیم میں ون ڈے وارم اپ میچ کے دوران پاکستانی آل رائونڈر شاہد آفریدی سوئپ شاٹ کھیلنے کیلیے کوشاں، انھوں نے فارم میں واپسی کا ثبوت دیتے ہوئے 90 رنز اسکور کیے۔ فوٹو : اے ایف پی

آل رائونڈر شاہد آفریدی کا بیٹ دوبارہ سے رنز اگلنے لگا، انھوں نے مسلسل دوسرے وارم اپ میچ میں نصف سنچری داغتے ہوئے90 رنز اسکور کیے۔

اظہر علی اور محمد حفیظ سنچریاں بنانے میں کامیاب رہے۔ دوسری جانب ون ڈے کپتان مصباح الحق بھی آفریدی کی کارکردگی سے خوش دکھائی دیتے ہیں، ان کے مطابق آفریدی سمیت ٹی 20 میں اچھا پرفارم کرنے والے کھلاڑی کو ون ڈے اسکواڈ میں بھی شامل کرسکتے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق دورئہ بھارت سے قبل قومی ٹیم کے لاہور میں وارم اپ میچز کا سلسلہ جاری ہے،خراب فارم کی وجہ سے آفریدی کو ٹور کیلیے صرف ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل کیا گیا تاہم اب ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ان کی کھوئی ہوئی فارم واپس آ رہی ہے، گذشتہ روز پاکستان بلوز نے گرین کو 13 رنز سے زیر کر کے ون ڈے سیریز 2-0 سے جیت لی۔

فاتح ٹیم نے 48.2 اوورز میں 309 رنز بنائے، اظہر علی نے107 گیندوں پر 9 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 100 رنز اسکور کیے، آفریدی نے 11 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 90 رنز بنا کر ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا، عمران فرحت 34، عمر امین 24، احمد شہزاد 21 جبکہ انورعلی اور بابر اعظم 9،9 رنز تک محدود رہے، سعید اجمل نے 4 کھلاڑیوں کی پویلین کی راہ دکھائی،وہاب ریاض نے 2 جبکہ عمر گل اور محمد حفیظ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی، جواب میں پاکستان گرین کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹیں گنوانے کے بعد 296 رنز تک محدود رہی۔

1

حمد حفیظ نے 13 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 114 رنز کی شاندار ا ننگز کھیلی، کامران اکمل نے 10 بار گیند بائونڈری پارپہنچاکر 56 رنز بنائے، وہاب ریاض 33، ناصر جمشید 24، یونس خان 23 اور مصباح الحق 16 رنز تک محدود رہے، دراز قد پیسر محمد عرفان نے 4 جبکہ سہیل تنویر، انور علی، اسد علی اور عدنان رسول نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ دریں اثنا شاہد آفریدی کی فارم میں واپسی پر ون ڈے کپتان مصباح خاصے خوش نظر آتے ہیں، انھوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی میچز میں آفریدی سمیت کسی بھی کھلاڑی نے اچھا پرفارم کیا تو اسے ون ڈے ٹیم میں شامل کرنے پرغور ہوگا۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ پاک بھارت میچز میں ہمیشہ دونوں ٹیموں پر بہت زیادہ پریشر ہوتا ہے لیکن بطور پروفیشنل کھلاڑی ہمیں اس کا سامنا کرکے بہتر کارکردگی دکھانا پڑے گی، مصباح الحق نے کہا کہ پاک بھارت سیریز میں کسی کو بھی فیورٹ قرار دینا قبل از وقت ہو گا وہاں جانے کے بعد ہی کچھ کہنے کی پوزیشن میں ہوں گے۔

میزبان ٹیم انگلینڈ سے ٹیسٹ سیریز ہاری ہے لہذا اس کی کوشش ہوگی کہ پاکستان کیخلاف زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے، ہمارے کھلاڑی بھی گرائونڈ میں 100 فیصدکارکردگی کا مظاہرہ کرینگے۔ انھوں نے کہا کہ پاک بھارت سیریز میں کامیابی کیلئے ہمیشہ جارحانہ کرکٹ کھیلنا پڑتی ہے اور ہمارے پاس متوازن بولنگ اٹیک موجودہے، مصباح الحق نے کہا کہ آف اسپنر سعید اجمل ہمیشہ ہی ٹرمپ کارڈ ثابت ہوئے لیکن صرف انہی پر انحصار نہیں کیا جاسکتا دیگر بولرز کو اپناکردارادا کرنا ہوگا،کسی ایک کھلاڑی کی کارکردگی سے سیریز میں کامیابی حاصل کرنا ممکن نہیں ہو تا ۔ انھوں نے کہا کہ انضمام الحق کے مشوروں سے کھلاڑیوں کو دبائو برداشت کرنے میں آسانی ہوگی۔

مقبول خبریں