فٹبال رینکنگ برازیل تاریخ کی کمترین پوزیشن 18 پر چلا گیا

سابق ورلڈ چیمپئن ٹیم کو 5 درجے تنزلی نے پستی میں دھکیل دیا


AFP/Sports Desk December 20, 2012
یوروگوئے 16ویں نمبر پر جا پہنچا، اسپین سر فہرست۔ فوٹو: فائل

فیفا ورلڈ رینکنگ میں برازیل اپنی تاریخ کی کمترین پوزیشن 18 پر چلاگیا،آئندہ برس کنفیڈریشن کپ اور 2014 میں ورلڈ کپ کے میزبان،5مرتبہ کے سابق ورلڈ چیمپئن ملک کو5 درجے تنزلی نے پستی میں دھکیل دیا۔

یوروگوئے بھی پانچ درجے تنزلی کے بعد 16ویں نمبر پر پہنچ گیا، اسپین کی عالمی حکمرانی کو جرمنی اور ارجنٹائن سے فوری طور پر کوئی خطرہ نہیں ہے، ایک درجے ترقی نے اٹلی کو چوتھی پوزیشن کا حقدار بنوایا،کولمبیا کی ٹیم تین سیڑھیاں اوپر کی جانب طے کرکے دنیا کی پانچویں بہترین سائیڈ بن گئی۔ تفصیلات کے مطابق فیفا کی نئی رینکنگ میں برازیل اپنی تاریخ کی بدترین 18ویں پوزیشن پر چلاگیا، ٹیم کے نئے کوچ فلپ اسکولیری کے لیے اسے دوبارہ دنیا کی چند صف اول ٹیموں میں واپس لانا کسی چیلنج سے کم نہیں ہوگا، 2002 میں برازیل کو ورلڈ چیمپئن بنوانے والے اسکولیری کو حال ہی میں مانو مینزیس کی جگہ کوچ مقرر کیاگیا، ان کی پہلی بڑی ذمہ داری آئندہ برس جون میں برازیل ہی میں شیڈول کنفیڈریشن کپ ہے۔

جس میں میزبان ٹیم کو 2006 کے ورلڈ چیمپئن اٹلی، میکسیکو اور جاپان کے ساتھ جگہ ملی،8 ممالک کے ایونٹ کے دوسرے گروپ میں اسپین ، یوروگوئے، ٹھائٹی اور افریقن چیمپئن سائیڈ ہوگی جس کا فیصلہ ابھی ہونا ہے، 2014 میں ورلڈ کپ کا میزبان ہونے کے ناطے برازیل کو کوالیفائر مرحلے سے الگ رکھاگیا اور ٹیم نے بیشتر میچز دوستانہ ہی کھیلے ہیں،امریکا میں کولمبیا سے کھیلے گئے اس سلسلے کا برازیل کا اب تک کا آخری مقابلہ 1-1 سے برابری پر اختتام کو پہنچا تھا، علاقائی تناظر میں بھی دیکھا جائے تو برازیل سردست جنوبی امریکن گروپ میں پانچویں نمبر پر ہے۔

4

ارجنٹائن پہلے، کولمبیا دوسرے، ایکواڈور تیسرے اور یوروگوئے چوتھی پوزیشنز پر براجمان ہے، ورلڈ اور یورپین چیمپئن اسپین کی فیفا رینکنگ میں حکمرانی برقرار رہی، جرمنی اور ارجنٹائن نے بھی دوسری اور تیسری پوزیشنز پر قدم مضبوط سی جمارکھے ہیں، ایک درجے ترقی نے اٹلی کو چوتھی پوزیشن کا حقدار بنوایا جبکہ کولمبیا کی ٹیم تین درجے ترقی پانے کے بعد دنیا کی پانچویں بہترین سائیڈ بن چکی،انگلینڈ حسب سابق چھٹے نمبر پر ہی ہے، البتہ کرسٹیانو رونالڈو کی ملکی ٹیم پرتگال نئی عالمی درجہ بندی میں 3 درجے تنزلی کے بعد ساتویں نمبر پر جانے پر مجبور ہوگئی۔

اسی طرح نیدرلینڈز کو ایک قدم پیچھے ہٹنے کے بعد آٹھویں پوزیشن پر اکتفا کرنا پڑا،روس نے 9 ویں اور کروشیا نے ٹاپ ٹین کی آخری شریک ٹیم ہونے کا اعزاز برقرار رکھا، 2006 کی یورو چیمپئن یونان ترقی کا ایک زینہ طے کرکے 11ویں نمبر پر آگئی، سوئٹزرلینڈ اور ایکواڈور نے حالیہ دنوں میں ملنے والی فتوحات کی بدولت یکساں طور پر 4،4 درجے ترقی پائی، جس کے بعد ان کی پوزیشنز بالترتیب 12 اور 13 ہوگئی، آئیوری کوسٹ نے میکسیکو کو ایک درجے پیچھے دھکیل کر 14ویں پوزیشنز اپنے نام کی، یوروگوئے بھی 5 درجے تنزلی کے بعد 16 ویں نمبر پر چلاگیا۔

فرانس ایک درجے بہتری کے بعد 17ویںنمبر پر پہنچا، برازیل 5 قدم پیچھے ہٹنے کے بعد اپنی تاریخ کی انتہائی کمترین 18ویں پوزیشن پر جانے پر مجبور ہوا، الجیریا 19ویں نمبر پر ہے جبکہ سوئیڈن کو 3 درجے ترقی نے 20 پوزیشن پر پہنچایا۔