سال کے آخر تک 750 آر او پلانٹس نصب کیے جائینگے قائم علی شاہ

لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلیے سندھ بھر میں طبی سہولیات کا جال بچھایا جا رہا ہے


Staff Reporter December 20, 2012
تعلقہ و ضلعی ہیڈ کوارٹر اسپتالوں کو جلد مکمل کرکے ضرورتمندوں کو فائدہ پہنچایا جائے، اجلاس سے خطاب فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے میں ریورس آسموسس( آر ۔ او) پلانٹس کی تنصیب کا کام جاری ہے۔

2012 کے اختتام تک 750 آر ۔ او پلانٹس نصب کیے جائیں گے ، صوبائی حکومت لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لیے صوبہ بھر میں طبی سہولیات کا جال بچھا رہی ہے جبکہ تعلقہ و ضلعی ہیڈ کوارٹر اسپتالوں کی توسیع کا کام تیزی سے جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے وزیراعلیٰ ہائوس میں تعلقہ اور ضلع ہیڈ کوارٹر اسپتالوں کی تعمیر نو اور بحالی سے متعلق ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں وزیر خزانہ سید مراد علی شاہ ،ایم ڈی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ ، متعلقہ سیکریٹریز و دیگر حکام نے شرکت کی ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ 2008 سے اب تک 400 آر ۔ او پلانٹس نصب کیے جاچکے ہیں جبکہ 100 آر ۔ او پلانٹس کی تنصیب سے پہلا مرحلا مکمل ہو جائے گا ۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں 13 آر۔ او پلانٹس نصب ہوچکے ہیں جبکہ 17 آر۔ او پلانٹس کی تنصیب باقی ہے ۔

3

اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبائی حکومت لوگوں کامعیار زندگی بہتر بنانے کے لیے صوبہ بھر میں طبی سہولیات کا جال بچھا رہی ہے جبکہ تعلقہ و ضلعی ہیڈ کوارٹر اسپتالوں کی توسیع کا کام تیز ی سے جاری ہے ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال ٹنڈو محمد خان افتتاح کے لیے تیار ہے ، بدین اسپتال جنوری 2013 میں مکمل ہوگا، دادو اور میرپورخاص کے اسپتال فروری 2013 تک مکمل ہوجائیں گے جبکہ بقیہ اسپتال جون 2012 اور جون 2014 میں مکمل ہو سکیں گے ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کام کی رفتار تیز کرنے کے احکامات دیے تاکہ اسکیموں کو جلد مکمل کرکے ضرورت مند لوگوں کو فائدہ پہنچایا جائے ۔ تعمیراتی کام کی تکمیل کے بعد ادویات ، فرنیچر ، دیگر سازو سامان ، ڈاکٹر ز اور عملے کی مقرری کا کام بھی جلد مکمل کیا جائیگا ۔