ٹریڈ پالیسی فریم ورک آج وزیراعظم کو بریفنگ دی جائیگی

وفاقی وزیر تجارت برآمدات بڑھانے کیلیے 3 سال کے دوران 24 مجوزہ اقدامات سے آگاہ کریگی


Kashif Hussain December 21, 2012
صنعتوں کو 30 ارب سبسڈی، برآمدی شعبوں کو ایڈہاک ریلیف سمیت متعدد نئی تجاویز شامل۔ فوٹو: فائل

وفاقی حکومت 3 سالہ ٹریڈ پالیسی فریم ورک کی منظوری کیلیے حتمی جائزہ لے رہی ہے اور پالیسی کا اعلان رواں ماہ متوقع ہے۔

وفاقی وزارت تجارت جمعہ کو وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کو اسٹریٹجک ٹریڈ پالیسی انیشیٹوز 2012-15 کے بارے میں تفصیلی پرزینٹیشن دے گی جس میں مجموعی طور پر برآمدات بڑھانے کیلیے 3سال کے دوران24 مجوزہ اقدامات اور ان کے اثرات پر روشنی ڈالی جائیگی، ٹریڈ پالیسی فریم ورک کے تحت مقامی صنعتوں کو 30 ارب روپے سے زائد کی سبسڈی فراہم کی جائیگی، نئی تجاویز میں ان لینڈ فریٹ سبسڈی اسکیم،14 برآمدی شعبوں کو 1 فیصد ایڈہاک ریلیف اسکیم، برآمدی صنعتوں کیلیے کوالٹی، سوشل اور ماحولیات سے متعلق عالمی سرٹیفکیشن کے حصول کیلیے مالی معاونت اسکیم ، لیدر سیکٹر کیلیے سپلائی چین سے متعلق سپورٹ اسکیم جاری رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔

3 سالہ اسٹریٹجک ٹریڈ پالیسی فریم ورک میں خدمات کے شعبے کی ترقی کیلیے وزارت تجارت کے تحت سروسز ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ بورڈ کے قیام کی تجویز دی گئی ہے، ایکسپورٹرز اور مینوفیکچررز کو پیداوار، انفرااسٹرکچر اور یوٹیلٹیز سے متعلق مسائل کے حل کیلیے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے تحت ٹریڈ فیسلیٹیشن کمیٹیوں کے قیام کی تجویز دی گئی ہے، اس کمیٹی کا چیئرمین سیکریٹری ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو بنایا جائے گا، کمیٹی پولیس، پانی بجلی گیس کے محکموں کسٹم، چیمبرز آف کامرس کے نمائندوں سمیت صوبائی سیکریٹری انڈسٹریز اور سیکریٹری لوکل گورنمنٹ کمیٹی پر مشتمل ہوگی۔

2

3 سالہ اسٹریٹجک ٹریڈ پالیسی فریم ورک کیلیے دی جانے والی دیگر سفارشات میں بیرون ملک ایکسپورٹ دفاتر اور ریٹیل آئوٹ لیٹس کے قیام، بیرون ملک ویئرہائوسنگ، لائیو سی فوڈ کی ایکسپورٹ پر فریٹ سبسڈی کی فراہمی، پراسیس فوڈ کی ایکسپورٹ پر 6فیصد آر اینڈ ڈی، ان لینڈ فریٹ سبسڈی، یوٹیلٹیز کی لاگت بڑھنے سے بلند پیداواری لاگت کے اثرات کم کرنے کیلیے ایکسپورٹ پر 1 فیصد ایڈہاک ریلیف کی فراہمی، کمپلائنس سرٹیفکیٹ اور حلال سرٹیفکیشن کے حصول کیلیے مالی معاونت، کول چینپراجیکٹس کیلیے مارک اپ سبسڈی کی سہولت، لیدر اپیرل کینفاست کیلیے معاونت، آن فلور ایکسپرٹ ایڈوائزری اور کونسلنگ، ڈیزائن سینٹر اور ڈیزائن اسٹوڈیوز کے قیام کیلیے میچنگ گرانٹ، پاکستان لیدر گارمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے سیالکوٹ اور کراچی میں آر اینڈ ڈی سینٹر کے قیام، ٹینریز میں انفرادی ڈیزائن سینٹر اور لیبارٹریز کے قیام میں 25 فیصد مالی معاونت، ٹینریز میں انفرادی ایفولوینٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تعمیر کیلیے میچنگ گرانٹ کی فراہمی، فارما سیکٹر کیلیے ایکریڈیشن کے حصول میں معاونت، بیرون ملک میڈیکل ریپز کی خدمات کا حصول، بیرون ملک فارما مصنوعات کی رجسٹریشن، فارما سیکٹر کیلیے بائیو ایکولینس اسٹڈیز، سیفٹی اسٹینڈرڈز کمپلائنس، فلائنگ مشین کی تنصیب، فارما، اسپورٹ گڈز اور کٹلری کی برانڈ پروموشن کی تجاویز شامل ہیں۔

مقبول خبریں