پاکستان کے لیے شدید خشک سالی کی پیش گوئی
حکام اس اتنے اہم مسئلے پر بھی غفلت کا شکار ہیں
ایک طرف نریندر مودی ہمارے دریا بند کرنے کی دھمکی دے رہا ہے دوسری طرف موسمیات کے ماہرین پاکستان کے لیے شدید خشک سالی کی تشویشناک خبریں سنا رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ خشک سالی آیندہ سال جنوری تک جاری رہے گی جس کا ملک کے بیشتر علاقے پہلے سے ہی شکار ہیں جب کہ بارانی علاقوں میں جہاں انسانوں اور جانوروں کی زندگی کا انحصار ہی بارش پر ہوتا ہے وہاں قحط کی سی کیفیت پیدا ہو گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے ایک اعلیٰ افسر نے یہ انتباہ بھی کیا کہ خشک سالی کی وجہ سے ملک میں پانی کا مسئلہ اور زیادہ سنگین ہو رہا ہے۔
ماہرین کی رائے ہے کہ اس سال ستمبر سے ملک میں کھل کر وافر مقدار میں بارش نہیں ہوئی اس کے ساتھ ہی برفباری بھی نہیں ہوئی جو کہ بعد کے موسم میں پانی کی ضروریات کی کفالت کرتی ہے۔
شمالی علاقوں میں اب تک برفباری شروع ہو جاتی ہے مگر اس سال ابھی تک برفباری نہیں ہوئی جو اگلے سال جنوری سے پہلے نہیں ہو گی۔ یوں اس سے خشک سالی کا مسئلہ حل نہیں ہو گا۔ ان کے مطابق پاکستان میں موسم سرما بھی خشک ہی رہے گا۔ جس میں راتیں ٹھنڈی ہوںگی جب کہ دن بدستور گرم رہیں گے اگرچہ موسمیاتی ماہرین ملک کے لیے آیندہ کے مہینوں میں پانی کی شدید قلت کی نشاندہی کر رہے ہیں مگر حکام اس اتنے اہم مسئلے پر بھی غفلت کا شکار ہیں اور صورتحال پر قابو پانے کے لیے کوئی حفاظتی اقدامات نہیں کر رہے۔