کراچی میں فائرنگ اے این پی کے عہدیدار سمیت 8 ہلاک

رمضان کاکڑصدرمیںنشانہ بنا،2اہلکاروں سمیت7زخمی،ایک زخمی دوران علاج،دوسرااسپتال میں فائرنگ سے ہلاک


Staff Reporter/Numainda Express December 22, 2012
رمضان کاکڑصدرمیںنشانہ بنا،2اہلکاروں سمیت7زخمی،ایک زخمی دوران علاج،دوسرااسپتال میں فائرنگ سے ہلاک،2 موٹر سائیکلیں نذرآتش فوٹو : فائل

شہرکے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں اے این پی عہدیدارسمیت8افراد ہلاک ہوگئے۔

اے این پی کے عہدیدارکوصدرمیں نشانہ بنایا گیاجس کے بعدعلاقے میں سخت کشیدگی پھیل گئی،2موٹر سائیکلوں اوردرجنوں پھتاروںکوآگ لگادی گئی،اے این پی کے عہدیدارکی ہلاکت کے بعد نامعلوم افرادنے جناح اسپتال کی ایمرجنسی میںگھس کرواقعے میں زخمی ہونیوالے ایک شخص کوفائرنگ کرکے ہلاک کردیا،اس دوران رینجرزنے کارروائی کرتے ہوئے مسلح ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمدکرلیا اورانہیں نامعلوم مقام پرمنتقل کردیا۔

تفصیلات کے مطابق صدرپشاوری آئسکریم کے قریب نامعلوم کار سوارملزمان کی فائرنگ سے عوامی نیشنل پارٹی ڈسٹرکٹ ساؤتھ کانائب صدر55سالہ عبدالرمضان خان کاکڑہلاک ہوگیاجبکہ25سالہ آصف خان زخمی ہو گیا،اس دوران دوطرفہ فائرنگ کے نتیجے میں14سالہ حبیب اﷲ خان، 30سالہ محمدسلیم، 35سالہ امداد علی،پولیس کا اے ایس آئی40 سالہ محمدقاسم،کانسٹیبل محمدطارق اورایک نامعلوم سخص زخمی ہوگیا،ہلاک وزخمی ہونے والوں کوجناح اسپتال پہنچایا گیا جہاں امداد علی چل بسا۔واقعے کے بعدنامعلوم افرادنے ایمپریس مارکیٹ اوراطراف میں فائرنگ کر کے دکانیں اور کاروبار بند کرادیا۔

شدید فائرنگ کے باعث علاقے میں خوف ہراس پھیل گیااورٹریفک معطل ہو گیا،پشاوری آئسکریم کے قریب نامعلوم مشتعل افرادنے ہنگامہ آرائی کے دوران موٹر سائیکلوں نمبرKES-1739اور KBF-1886 ، 2درجن سے زائد پتھاروں کوآگ لگادی ۔اس دوران نامعلوم افراد نے جناح اسپتال کی ایمرجنسی وارڈ میں گھس کر فائرنگ کردی اور واقعے میں ہاتھ میںگولی لگنے والے زیرعلاج ایک شخص کو فائرنگ کر کے ہلاک کردیا، رینجرزنے فائرنگ کر کے فرارہونے والے صدام کاکڑسمیت2 ملزمان کوحراست میں لے کران کے قبضے سے 2 کلاشنکوف اورایک ٹی ٹی برآمدکرلی جبکہ حراست میں لیے جانے والے ملزمان کونامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

جناح اسپتال میں فائرنگ سے ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت عبد الرحمٰن کے نام سے کی گئی۔اے این پی ڈسٹرکٹ سینٹرل کے ترجمان عبدالباری کاکڑ نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ مقتول عبد الرمضان ان کابڑا بھائی اور3 بچوں کا باپ تھاجبکہ وہ پراپرٹی کی خریدو فروخت کا کام کرتا تھا،آبائی تعلق کوئٹہ پشین سے تھا،واقعے کے وقت مقتول اپنے دیگرساتھیوں کے ہمراہ کراچی پریس کلب سے ثقافتی پروگرام ( سندھی ٹوپی ، اجرک )منا کر واپس اپنے گھر جا رہا تھاکہ این ایم آئی اسپتال کے قریب ان کی کار ٹریفک جام میں پھنس گئی جس پرعبدالرمضان کاکڑاوران کے دیگر2ساتھی کارڈرائیورکے حوالے کرکے خود پیدل جارہے تھے کہ تعاقب کرنیوالے نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کردی۔ پولیس نے جائے واقعے پرکھڑی ایک کار نمبر AUG-184 سے سب مشین گن برآمدکر لی۔

06

پولیس کوشبہ ہے کہ ملزمان اس کارمیں سوارتھے، حملے کے بعدجوابی فائرنگ جس کے نتیجے میں2 حملہ آورزخمی ہو گئے تھے۔ہلاک ہونے والاعبد الرحمٰن قصبہ کالونی کا رہائشی بتایا جاتا ہے جبکہ زخمی ہونے والاحبیب پختونخواملی عوامی پارٹی کے سینئررہنما کا بیٹا ہے جس کے سر میں گولی لگی ہے حالت انتہائی تشویشناک ہے۔مقتول رمضان کاکڑکی نماز جنازہ رات 12 بجے صدر ایمپریس مارکیٹ میں اداکی گئی جس میں عوامی نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر،رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔بعد ازاں مقتول کی میت آبائی گاؤں روانہ کردی گئی۔ذرائع نے بتایا کہ ہلاک ہونے والا عبد الرحمٰن مبینہ حملہ آورتھاجو جوابی فائرنگ میں زخمی ہوا۔

عوامی نیشنل پارٹی سندھ باچاخان مرکزسے جاری اعلامیے کے مطابق ایمپریس مارکیٹ کے قریب فائرنگ سے ہلاک ہونے والیرمضان کاکڑعوامی نیشنل پارٹی ضلعی جنوبی کے جوائنٹ سیکریٹری ہیں وہ ضلع سائوتھ کے صدرعبدالباری کاکڑ کے چھوٹے بھائی بھی تھے۔سینیٹر شاہی سیدنے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ دہشتگردکسی صورت ہمیں سیاست میں سرگرم دیکھنانہیں چاہتے،ریلی سے واپسی پر رمضان کاکڑ کونشانہ بنایاگیا،قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے،کارکنا ن پر امن رہیں اورشرپسندوں کی سازشیں ناکام بنادیں۔ادھربلدیہ ٹاؤن نمبر7کوکن کالونی میں فائرنگ سے حنیف بلوچ ہلاک ہو گیا،مقتول لیاری کا رہائشی تھااورشادی کی تقریب میں گیاتھا کہ 5 موٹر سائیکلوں پر سوار نامعلوم ملزمان نے اسے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔

اورنگی ٹاؤن گلشن بہارسیکٹر16 گلی نمبر3کے قریب نمازجمعہ کی ادائیگی کے بعدجانے والے55سالہ عبدالرزاق کوموٹرسائیکل سوارملزمان نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیااورفرارہوگئے،مقتول گلشن بہار مارکیٹ ایسوسی ایشن کاعہدیدار اور 3 بچوں کا باپ تھا۔فیڈرل بی ایریا بلاک18مزیدارحلیم کے قریب موٹرسائیکل سوارملزمان کی فائرنگ سے23سالہ فیضان عالم ہلاک ہوگیا،پولیس کے مطابق مقتول کوڈاکوؤں نے موبائل فون چھیننے کے دوران مزاحمت پرگولی مارکر ہلاک کیا،وہ فجرکی نماز پڑھ کر آ رہاتھا،مقتول جامعہ کراچی کا طالبعلم اور3بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹاتھا۔گارڈن کے علاقے چڑیاگھر گیٹ نمبر3کے قریب سے20سالہ نبیل رحمٰن کی لاش ملی جسے نامعلوم ملزمان نے اغواکے بعدفائرنگ کرکے ہلاک کردیااورلاش پھینک کرفرارہوگئے۔

مقتول جمشیدکوارٹرکے علاقے مارٹن کوارٹرکارہائشی تھاجو19دسمبرسے لاپتہ تھا،فوری طورپراس کی سیاسی وابستگی معلوم نہیں ہوسکی۔پنجاب چورنگی کے قریب جمعرات کی رات کونامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے سی آئی ڈی سول لائن کے اہلکارنورالامین نے دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑدیا،مقتول سی آئی ڈی کے ایس پی مظہر مشوانی کے ساتھ کام کرتا تھاجبکہ وہ پنجاب کالونی کا رہائشی،2 بچوں کا باپ اورآبائی تعلق خیبر پختونخوا سے تھا۔ماڑی پورکے علاقے گریکس سی این جی اسٹیشن کے قریب فائرنگ سے2افرادناظم اورنثارزخمی ہوگئے۔ جمشیدکوارٹرزکے علاقے اسلامیہ کالج کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے وسیم نامی شخص زخمی ہوگیا۔

رسالہ تھانے کی حدود سول اسپتال کے قریب سنی تحریک کے مرکز معین پلازہ کے قریب سے ایک ہاتھ پاؤں بندھے شخص کی نیم مردہ حالت میں پڑے ہونے کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور طبی امداد کے لیے سول اسپتال پہنچایا ، پولیس کے مطابق نامعلوم24 سالہ نوجوان کو سر پر گولی مار کر زخمی کیا گیا ہے حالت انتہائی تشویشناک ہے ، زخمی ہونے والا صورت شکل سے میگوار لگتا ہے جیب سے ایسی کوئی چیز نہیں ملی جس سے اس کی شناخت کی جا سکے ، زخمی شخص کو انتہائی تشویشناک حالت میں آپریشن کے لیے لے جایا گیا ۔