حلقہ بندیوں پرسپریم کورٹ کے فیصلے کااحترام کرتے ہیںرحمن ملک

کراچی اور کوئٹہ میں آئندہ دنوں میں مزید دہشت گردی کے خطرات موجود ہیں ، رحمن ملک


Staff Reporter/APP December 22, 2012
کراچی اور کوئٹہ میں آئندہ دنوں میں مزید دہشت گردی کے خطرات موجود ہیں ، رحمن ملک فوٹو: اے پی پی/فائل

وفاقی وزیر داخلہ رحمٰن ملک نے کہا ہے کہ کراچی میں حلقہ بندیوں پر سپریم کورٹ کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔

جسے حلقہ بندی پر اعتراض ہے، وہ اس حوالے سے نظر ثانی کے لیے عدالت سے رجوع کرے، کراچی اور کوئٹہ میں آئندہ دنوں میں مزید دہشت گردی کے خطرات موجود ہیں، انسداد پولیو مہم ٹیم کے رضاکاروں پر حملے میں ملوث عناصر پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں، انسداد پولیو مہم ٹیم کے رضاکاروں کو ہدایت کی تھی کہ پولیس تحفظ کے بغیر مہم پر نہ جائیں، حکومت دہشتگردوں کے خلاف بھرپور کارروائی جاری رکھے گی، عام انتخابات میںدھاندلی کے مواقع ختم کردیے، کوئی بھی دھاندلی سے قبل 10 بارسوچے گا۔

وہ جمعے کو اسلام آباد سے کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ وفاقی وزیر داخلہ رحمٰن ملک نے کہا کہ حکومت سپریم کورٹ کے فیصلوں کا احترام کرتی ہے اور ہم تمام عدالتی فیصلوں پر عملدرآمد کرتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ کراچی میں حلقہ بندیوں کے حوالے سے متحدہ قومی موومنٹ کا اپنا نکتہ نظر ہے۔ انھوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن شفاف اور غیر جانبدارانہ ہوں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ پاکستان کو دہشتگرد غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ کبھی دہشت گردی کی وارداتوں میں موٹر سائیکلوں کو استعمال کیا جارہا ہے، کبھی سیمنٹ بلاکس میں بم نصب کرکے دھماکے کیے جاتے ہیں، دہشتگرد سمجھ لیں کہ ریاست کے خلاف سر اٹھانے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھی جائیگی۔ انھوں نے کہا کہ ملک کی سلامتی کیلیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دہشتگردوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ دہشت گرد منظم انداز میں کارروائیاں کررہے ہیں آئندہ دنوں میں کراچی اور کوئٹہ میں دہشت گردی کے خطرات کے حوالے سے سندھ اور بلوچستان حکومتوں سے کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی کے انتظامات کو بہتر بنایا جائے۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ پولیو ٹیموں پر حملہ خصوصاً انسداد پولیو مہم میں حصہ لینے والی خواتین ورکرز کا قتل انتہائی افسوسناک ہے، یہ لوگ انسانیت کی خدمت سے وابستہ ہیں اور ملک سے پولیو کے خاتمے کے لیے کام کررہے ہیں لیکن دہشتگردوں نے انھیں بھی نشانہ بنایا۔ پولیو ٹیموں کے ورکرز کو تحفظ فراہم کرنا صوبائی حکومتوں کی ذمے داری ہے۔ پولیو ٹیموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حساس علاقوں میں پولیس سیکیورٹی کے بغیر نہ جائیں۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ وہ بھارت علاج کرانے گئے تھے اور وہاں بھارتی حکام سے ان کی ہونے والی ملاقاتیں انتہائی کامیاب رہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ کراچی میں قیام امن کے لیے وفاقی حکومت سندھ حکومت کی ہر ممکن مدد کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور قیام امن کیلیے تمام سیاسی قوتیں مشترکہ کوششیں جاری رکھیں۔