پاکستانی ٹیم5میچز کھیلنے مارچ میں آئے گیہاکی انڈیا

پاکستان سے باہمی سیریز کے دوبارہ اجرا پربات ہوگی تاکہ ہاکی میں بھی پاک، بھارت مقابلوں سے دنیا کو تفریح فراہم کی جاسکے۔


Sports Desk December 23, 2012
پاکستان اور بھارت کے درمیان تین میچز کی باہمی سیریز 2006 میں منعقد ہوئی تھی۔ فوٹو : اے ایف پی / فائل

ہاکی انڈیاکے سیکریٹری جنرل نریندرا بٹرا نے کہا ہے کہ کرکٹ کے بعد پاکستان سے ہاکی روابط بھی بحال ہونے جارہے ہیں۔

دونوں ممالک آئندہ برس سیریز دوبارہ شروع کردیں گے،مارچ میں پاکستانی ٹیم بھارت کے 5 ٹیسٹ کھیلنے کے لیے بھارت کی مہمان بنے گی، جوابی دورے میں بلو شرٹس مئی میں اتنے ہی میچز کے لیے پڑوسی ملک جائیں گے۔ بھارتی ہاکی آفیشل پاکستان ہاکی فیڈریشن کی دعوت پر 29 جنوری2013 کو دو روزہ دورے پر لاہور پہنچیں گے،وہاں ان کی اپنے پاکستانی ہم منصب آصف باجوہ سے ملاقات میں باہمی سیریز کے معاملات کو حتمی شکل دی جائے گی، پاکستان کرکٹ ٹیم ہفتے کو پانچ برس کے بعد سیریز کھیلنے کے لیے بھارت پہنچ گئی ہے۔

4

نئی دہلی میں ایچ آئی کے سیکریٹری جنرل نریندرا بٹرا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں پی ایچ ایف کی دعوت پر آئندہ ماہ 29 تاریخ کو دو روزہ دورے پر پاکستان جاؤں گا، پاکستانی حکام سے ہونے والی ملاقات میں باہمی سیریز کے دوبارہ اجرا پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوگا تاکہ دیگر کھیلوں کی طرح ہاکی میں بھی پاک، بھارت مقابلوں سے دنیا کو تفریح فراہم کی جاسکے، انھوں نے مزید کہا کہ اگر سب کچھ منصوبے کے مطابق ہوتا رہا تو آئندہ برس مارچ کے آخر میں پاکستان ٹیم بھارت کا دورہ کرے گی،جوابی دورے میں مئی میں پانچ میچز کے لیے ہماری ٹیم ہمسایہ ملک جائے گی، نریندرا بٹرا اور آصف باجوہ آئندہ برس باہمی ملاقات میں دونوں ممالک میں سیریز کے لیے معاہدے پر دستخط کردیں گے، اس سے قبل پاک، بھارت کے درمیان تین میچز کی باہمی سیریز 2006 میں منعقد ہوئی تھی۔

مقبول خبریں