ادارے مضبوط ہوئے متفقہ قانون سازی بڑی کامیابی ہے صدر زرداری

پارٹی کاہرفیصلہ قبول ہے،لطیف کھوسہ،کراچی ایئرپورٹ پرگفتگو،صدرسے ملاقات کرکے گورنری سے استعفیٰ دیدیا،ذرائع


Staff Reporter December 23, 2012
کراچی: صدر مملکت آصف زرداری سے سابق گورنر پنجاب لطیف کھوسہ ملاقات کررہے ہیں۔ فوٹو: فائل

صدرآصف زرداری نے کہا ہے کہ ہمارے دورمیں تمام آئینی ادارے مضبوط اورمستحکم ہوئے، ملکی تاریخ میں پہلی باراتفاق رائے سے قانون سازی کی گئی جوجمہوری حکومت کی بڑی کامیابی ہے۔

ہفتے کووفاقی وزیرقانون نے صدرمملکت سے ون ٹوون ملاقات کی اس موقع پرقانونی وپارلیمانی امورپر مشاورت کی گئی۔ صدر زرداری نے کہاکہ عام انتخابات مقررہ وقت پر منعقد کروا کر اقتدار آئینی طریقے سے اگلی حکومت کومنتقل کردیاجائے گا۔ بلاول ہائوس میں وفاقی وزیرداخلہ رحمٰن ملک نے صدرمملکت سے ملاقات کرکے ملک میں امن وامان کی صورتحال پربریفنگ دی۔

اس موقع پرصدرنے کہاکہ حکومت ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اورقیام امن کے لیے ہرممکن اقدامات کررہی ہے،ملک میں امن وامان کے قیام اور دہشتگردوںکیخلاف مؤثرکارروائی کیلیے صوبائی حکومتوںکی مشاورت سے مربوط اقدامات کیے جائیں، انسدادپولیو ٹیموں پرحملے میں ملوث ملزمان کوفوری گرفتارکیاجائے۔

09

گورنرپنجاب لطیف کھوسہ نے بھی صدرزرداری سے ملاقات کی اورگورنرکے عہدے سے اپنااستعفٰی پیش کردیاتاہم نئے گورنرکی تقرری کے احکامات جاری ہونے کے ساتھ ہی ان کے استعفے کی منظوری کاباقاعدہ اعلان کردیاجائے گا،نئے گورنر کی تقریب حلف برداری آئندہ24 سے 48گھنٹوں میں متوقع ہے۔ملاقات میں صدرنے کہا کہ پیپلز پارٹی عوامی جماعت ہے،اس جماعت میں شامل ہرشخص بھٹوکاسپاہی ہے۔

ذرائع کے مطابق صدر نے وفاقی وزیرقانون کو نئے گورنرپنجاب کی نامزدگی کے لیے کمیشن آف اپائنمنٹ تیارکرنے کی ہدایت کی۔یہ سمری وزارت قانون تیارکرکے وزیراعظم کے توسط سے صدرمملکت کو بھیجے گی اور صدر کی باضابطہ منظوری کے بعدپنجاب میں مخدوم احمدمحمود کو نیا گورنربنا دیاجائے گا۔قبل ازیں کراچی ایئرپورٹ پہنچنے پر میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے گورنر پنجاب سرادرلطیف کھوسہ نے کہاکہ جیالا اور بھٹو کاسپاہی ہوں،عہدے معنی نہیں رکھتے،پارٹی قیادت جوفیصلہ کرے گی وہ قبول ہوگااورمیں ان فیصلوں پر عمل کرنے کاپابندہوں۔