کراچی سمیت ملک بھر میں دھند سے پی آئی اے کا فلائٹ شیڈول شدید متاثر

جدہ سے فیصل آباد جانے والے پی آئی اے كی پروازكو دھند كی وجہ سے كراچی اتارا گیا۔


ویب ڈیسک December 31, 2016
جدہ سے فیصل آباد جانے والے پی آئی اے كی پروازكو دھند كی وجہ سے كراچی اتارا گیا۔ فوٹو؛ فائل

شہر قائد سمیت ملک بھر میں شدید دھند کی وجہ سے پی آئی اے کی متعدد پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار ہورہی ہیں جس کے باعث مسافروں کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

جدہ سے فیصل آباد جانے والی پی آئی اے كی پروازكو دھند كی وجہ سے كراچی اتارلیا گیا جس كے بعد پی كے 764 كو18 گھنٹے بعد فیصل آباد روانہ كیا گیا، جدہ سے فیصل آباد جانے والے مسافروں كوجدہ ائیرپورٹ پر6 گھنٹے سے زائد انتظاركرنا پڑاجس كے بعد پروازكو جب ہفتے کی شام كراچی اتاراگیا تو پی آئی اے انتظامیہ ان مسافروں كو بھول گئی جس پر پروازكے مسافروں نے ایئرپورٹ ہوٹل پر پی آئی اے انتظامیہ كے خلاف احتجاج كیا جس کے بعد پی آئی اے حكام نے پی كے 764 كو ہفتہ كی شام 7 بجے روانہ كیا۔

ترجمان پی آئی اے كا كہنا تھا كہ مذكورہ پروازكوہفتہ كی شام روانہ كردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ كراچی سمیت دیگر ایئرپورٹس پر شدید دھند كی وجہ سے پروازوں كا رخ تبدیل كیا جارہا ہے، مسافروں كی سیفٹی پركوئی سمجھوتہ نہیں كیا جاتا جب کہ مذكورہ پرواز پی كے 764 جدہ سے فیصل آباد آنی تھی تاہم فیصل آباد ائیرپورٹ پر دھند كی وجہ سے پروازكوكراچی اتاراگیا۔

دریں اثناء ترجمان پی آئی اے كے مطابق ہفتے كو مدینے سے كراچی آنے والی پرواز پی كے 744 كو مسقط اتارا گیا، جدہ سے فیصل آباد آنے والی پی كے 763 پروازكو منسوخ كیا گیا، لندن سے كراچی پرواز سمیت دیگر پروازوں کو کئی گھنٹے تاخیر کا سامنا رہا جب کہ پی كے 525 اور پی كے 526 منسوخ كرنا پڑی۔