ملیر میں چکن گنیا کے 376 مشتبہ کیس سامنے آچکے ڈائریکٹر صحت

ملیر میں اسپرے مہم جاری ،متاثرہ افراد کے نمونوں میں سے4افراد میں چکن گنیا کی تشخیص ہوئی ،ڈاکٹرعبدالوحید پنہور


Staff Reporter January 03, 2017
مانیٹرنگ کمیٹی کے اراکین مختلف اسپتالوں میں رپورٹ ہونے والے تیز بخار کے مریضوں کی سرویلنس کررہے ہیں۔ فوٹو؛ فائل

ضلع ملیر میں تیز بخار کی وبا میں کمی واقع ہوئی ہے تاہم اب تک 376 افراد میں مشتبہ چکن گنیا رپورٹ ہوا ہے۔

متاثرہ علاقوں میں جراثیم کش اسپرے مہم اور لاروں کے خاتمے کی مہم بھی جاری ہے جس کی وجہ سے تیز بخارکی وبا میں نمایاں کمی آئی ہے، یہ بات ڈائریکٹر صحت کراچی ڈاکٹر عبدالوحید پنہور نے صحافیوں کو بتائی انھوں نے بتایا کہ چکن گنیا مانیٹرنگ کمیٹی کے اراکین مختلف اسپتالوں میں رپورٹ ہونے والے تیز بخارکے مریضوںکی سرویلنس کررہے ہیں، تیز بخارکی وبا سے ہلاکت کی تصدیق سے انکار کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جن افراد کو تیز بخارکی شکایت تھی ان کا کلینکل وسپورٹنگ علاج جاری ہے۔

ڈاکٹر عبدالوحید پنہور نے کہاکہ ضلع ملیر اور ملحقہ آبادیوں میں تواترکے ساتھ اسپرے مہم جاری ہے، تیز بخار اور جسم میں شدیددرد میں مبتلا ہونے کی صورت میں فوری اسپتال سے رجوع کیاجائے،واضح رہے کہ 19دسمبر سے ضلع ملیر میں اچانک تیز بخار کے ساتھ جسم میں شدید درد کی وبا نے سیکڑوں افراد کو اپنی لپیٹ میں لے لیاتھا اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے ڈائریکٹر صحت کراچی نے متعلقہ حکام کو مطلع کیاجس پر مریضوں کے خون کے نمونے اسلام آباد بھیجے گئے ان نمونوں میں سے 4افراد میں چکن گنیا کے مرض کی تشخیص ہوئی ہے جس پر متاثرہ علاقوں میں ہنگامی بنیادپر جراثیم کش اسپرے شروع کیا جبکہ گھروں میں بھی پہلی بار اسپرے کیا گیا ہے جس کی وجہ سے متاثرہ علاقوں میں سنگین صورتحال پر قابو پالیا گیاہے۔