جناح اسپتال چارجڈ پارکنگ کیلیے ٹینڈر جاری کردیے گئے

ٹینڈر سالانہ بنیاد پر 19جنوری کوکھلے گا،موٹرسائیکل فیس 10،کارکی فیس 20 روپے ہوگی.


Staff Reporter December 29, 2012
جناح واحد سرکاری اسپتال ہوگا جہاں چارجڈ پارکنگ شروع ہوگی،یومیہ 4 ہزارگاڑیاں آتی ہیں۔ فوٹو: فائل

جناح اسپتال کی انتظامیہ نے اسپتال کی حدود میں چارجڈپارکنگ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اورمتعلقہ حکام کی منظوری سے اسپتال کی حدود میں قائم کی جانے والی چارجڈ پارکنگ کے سلسلے میں ٹینڈر جاری کردیے اوردلچسپی رکھنے والی پارٹیوں کو پارکنگ کے ٹینڈرکے لیے مدعوکرلیا ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ سالانہ بنیاد پر پارکنگ کا ٹھیکہ دیا جائے گا ، ٹینڈر19جنوری کوکھولاجائے گا، ذرائع نے بتایا کہ اسپتال انتظامیہ نے اسپتال کی حدود میں مختلف مقامات پر چارجڈ پارکنگ شروع کرنے کا فیصلہ کیا جس کی منظوری حاصل کرلی گئی، ذرائع نے بتایا کہ کسی بھی سرکاری اسپتال کی حدود میں پہلی بار چارجڈ پارکنگ متعارف کرائی جارہی ہے۔

05

اس سے قبل جناح اسپتال کی انتظامیہ نے شعبہ حادثات کے سامنے تجرباتی بنیادوں پر چارجڈ پارکنگ شروع کی تھی جس کا تجربہ کامیاب رہا اب اسپتال کی انتظامیہ نے72ایکڑ اراضی پر مشتمل اسپتال کے مختلف شعبوںکے سامنے چارجڈپارکنگ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں موٹرسائیکل کی مد میں10جبکہ گاڑی کارکی فیس20 روپے مقررکرنے کی تجویزدی ہے، واضح رہے کہ اسپتال کی حدود میں یومیہ 4 ہزارسے زائد موٹرسائیکلیں اور سیکڑوں کاروںکی آمدورفت رہتی ہے،اسپتال انتظامیہ نے شعبہ حادثات کے سامنے موٹرسائیکل پارکنگ جبکہ اسپتال کے عقبی حصوں میں بھی چارجڈپارکنگ شروع کرنے کا عندیہ دیا ہے۔