جامعہ اردووی سی کیلیے سینیٹ نے 3 نام صدرکوبھجوادیے

اسلامک یونیورسٹی کے سابق ریکٹر فتح محمد ملک کانام امیدواروںکی فہرست سے خارج.


Staff Reporter December 30, 2012
اجلاس میں ڈاکٹرنوشاد شیخ کی سینیٹ کے رکن پروفیسر ناصرعباس سے تلخ جملوں کاتبادلہ۔ فوٹو: فائل

وفاقی اردویونیورسٹی میں نئے وائس چانسلرکے انتخاب کے لیے یونیورسٹی کی ''سینیٹ'' نے اسلامک یونیورسٹی کے سابق ریکٹر فتح محمد ملک کانام امیدواروں کی فہرست سے خارج کردیاہے۔

جبکہ جامعہ کراچی کے موجودہ رئیس کلیہ فنون پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال، سابق رئیس کلیہ فنون پروفیسر ڈاکٹر شمس الدین اوراردویونیورسٹی کے موجودہ رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹرقمرالحق کے نام اکثریتی رائے سے شیخ الجامعہ کے امیدواروںکیلیے یونیورسٹی کے چانسلراور صدرمملکت آصف علی زرداری کوبھجوادیے گئے ہیں، یونیورسٹی کی سینیٹ کااجلاس ہفتہ کوسینیٹ کے ڈپٹی کنوینرآفتاب احمد خان کی صدارت میں ہواجس میں جامعہ اردوکے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر، نوشاد شیخ، ٹنڈوجام یونیورسٹی کے وائس چانسلراے کیومغل،سینیٹ میں اساتذہ نمائندے پروفیسرناصرعباس،پروفیسرسیمانازسمیت دیگراراکین شریک ہوئے جبکہ ڈاکٹرجاوید لغاری کی جگہ اجلاس میں ایچ ای سی کانمائندہ شریک ہوا۔

06

اجلاس میں دواراکین سینیٹ نوشاد شیخ اورٹنڈوجام یونیورسٹٰی کے وائس چانسلراے کیومغل کی جانب سے مذکورہ امیدواروں کے ناموں پراعتراض سامنے آئے تاہم طویل بحث کے بعدان اعتراضات کومسترد کردیا گیا، ڈاکٹر نوشاد شیخ کا کہنا تھا کہ صدر گذشتہ مرحلے میں پروفیسر ظفراقبال کا نام مستردکرچکے ہیں تاہم سرچ کمیٹی نے ایک بارپھراس نام کی سفارش کردی ہے ،ڈاکٹرنوشاد شیخ نے فتح محمد ملک کانام امیدواروں کی فہرست میں شامل رکھنے پراصرارکیاتاہم اراکین کاکہناتھاکہ جس یونیورسٹی میں اسسٹنٹ پروفیسرکے لیے پی ایچ ڈی کی شرط عائد ہے اس کے لیے بغیر پی ایچ ڈی کے وائس چانسلرکاانتخاب کیسے کیاجاسکتاہے۔

اس معاملے میں ڈاکٹرنوشاد شیخ کی سینیٹ کے رکن پروفیسرناصرعباس سے چندتلخ جملوں کاتبادلہ بھی ہوااورڈاکٹرنوشاد شیخ کاکہناتھاکہ سینیٹ میں ان کی بات سنی نہیںجاتی وہ اس فورم سے مستعفی ہوجائیں گے، مزید براں اے کیومغل کاکہناتھاوہ سینیٹ میں سامنے رکھے گئے ان چاروں افراد سے واقف نہیں ہیں، ان کے ''سی وی''سامنے لائے جائیں جس کی بنیاد پران امیدواروںکی اہلیت کاانداز لگایاجائے ،بعدازاں اجلاس میں تین ناموں کوحتمی شکل دے کراسے صدرمملکت کوبھجوادیاگیا۔