گورنرسندھ جسٹس ریٹائرڈ سعیدالزماں صدیقی انتقال کرگئے

ویب ڈیسک  بدھ 11 جنوری 2017
عہدہ سنبھالنے کے بعد ان کی طبیعت بدستور خراب تھی اور وہ کئی بار اسپتال میں زیر علاج رہے تھے۔  فوٹو: فائل

عہدہ سنبھالنے کے بعد ان کی طبیعت بدستور خراب تھی اور وہ کئی بار اسپتال میں زیر علاج رہے تھے۔ فوٹو: فائل

 کراچی: گورنر سندھ جسٹس ریٹائرڈ سعیدالزماں صدیقی 79 برس کی عمر میں انتقال کرگئے ہیں جب کہ ان کی نمازجنازہ بعد نمازجمعہ پولوگراؤنڈ یا گورنرہاؤس میں اداکی جائےگی۔

ترجمان گورنر ہاؤس کے مطابق سندھ کے گورنر جسٹس ریٹائرڈ سعیدالزماں صدیقی انتقال کرگئے، عہدہ سنبھالنے کے بعد سے ہی ان کی طبیعت بدستور خراب رہی اور وہ کئی بار اسپتال میں زیر علاج رہے تاہم طبیعت میں بہتری کے بعد انہیں اسپتال سے گھر منتقل کردیا گیا تھا اور بعد میں وہ گورنر ہاؤس بھی منتقل ہوگئے تھے لیکن گزشتہ روز گورنر سندھ کی طبعیت اچانک خراب ہوئی، انہیں سینے میں تکلیف اورسانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا جس پر انہیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے۔

جسٹس(ر) سعیدالزماں صدیقی یکم دسمبر1937کو لکھنؤ بھارت میں پیدا ہوئے اور 1954 میں جامعہ ڈھاکا سے انجینیرنگ میں گریجویشن کیا، جامعہ کراچی سے 1958 میں وکالت کی تعلیم حاصل کی۔ جسٹس(ر) سعیدالزماں صدیقی یکم جولائی 1999 سے 26 جنوری 2000 تک چیف جسٹس کے عہدے پر فائز رہے تاہم  پرویز مشرف کے دور حکومت میں انہوں نے پی سی او کے تحت حلف اٹھانے سے انکار کردیا تھا۔ حکومت نے 11 نومبر 2016 کو ڈاکٹر عشرت العباد کی جگہ جسٹس(ر) سعیدالزماں صدیقی کو گورنر سندھ بنایا تھا۔

ترجمان گورنرہاؤس جسٹس (ر) سعیدالزماں صدیقی کی میت ڈیفنس میں واقع سرد خانے پہنچادی گئی جب کہ ان کی نمازجنازہ بعد نمازجمعہ پولوگراؤنڈ یا گورنرہاؤس میں اداکی جائےگی۔

دوسری جانب صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم نوازشریف نے گورنر سندھ سعید الزماں صدیقی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ سعید الزماں صدیقی تمام عمر اصولوں پر کاربند رہے، ان کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا جب کہ وزیراعظم نوازشریف نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ قانون وانصاف کے لیے سعیدالزماں صدیقی کی گراں قدرخدمات ہیں، انہوں نے انصاف کے لیے اپنے اصولوں پرکبھی سودا نہیں کیا، وہ ایک سچےاورایماندارانسان تھے، غیر جمہوری عناصر کے خلا ان کی مزاحمت اور قربانیاں بے مثال ہیں، ان کی عدلیہ کے لیے خدمات ہمیشہ یادرکھی جائیں گی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل آصف غفور کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گورنرسندھ سعید الزماں صدیقی کے انتقال پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لیے جنت الفردوس میں مقام کی دعا کی اور سوگوار خاندان سے تعزیت کا بھی اظہار کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔