7 روز گزر گئے پولیس شاہ زیب کے قاتل گرفتار نہ کرسکی

گولیوں کے خول فارنسک لیبارٹری بھجوائے گئے اورنہ ہی مقتول کی گاڑی کا معائنہ کرایا گیا


Staff Reporter January 01, 2013
تفتیش میں تاخیرسے ملزمان کوہی فائدہ ہوگا،فوری ضمانت مل جائے گی،فارنسک ماہرین فوٹو: فائل

ڈیفنس میں معمولی تنازع پر قتل کیے جانے والے ڈی ایس پی کے بیٹے شاہ زیب کے قتل کو7 روز گزر جانے کے باوجود پولیس کسی ملزم کو گرفتار کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔

، پولیس نے جائے وقوع سے ملنے والے گولیوں کے خول تاحال فارنسک لیباریٹری نہیں بھجوائے ہیں اور نہ ہی مقتول کی گاڑی کا فارنسک لیباریٹری سے معائنہ کرایا ہے، تفصیلات کے مطابق ڈیفنس فیز 5 میں کنٹری کلب اپارٹمنٹ کے رہائشی ڈی ایس پی اورنگزیب کے جواں سال بیٹے شاہ زیب کے قتل کو7 روز گزرنے کے باوجود پولیس قتل میں نامزد کسی ایک ملزم کو بھی گرفتار کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی ہے ۔

پولیس ذرائع کے مطابق شاہ زیب کے قتل کو 7 روز گزرنے کے باوجود انویسٹی گیشن پولیس نے تفتیش کے ابتدائی مراحل بھی مکمل نہیں کیے ہیں، پولیس ذرائع نے بتایا کہ انویسٹی گیشن پولیس نے جائے وقوع سے ملنے والے گولیوں کے خول لیباریٹری تجزیے کے لیے تاحال فارنسک لیبارٹری نہیں بھجوائے ہیں۔

1

فارنسک لیبارٹری کے ماہرین کا کہنا ہے کہ قتل کے واقعے کو اتنے روز گزرنے کے باوجود گولیوں کے خول فارنسک لیبارٹری نہ بھجوانا پولیس کی نااہلی اور فرائض سے غفلت ہے، فارنسک ماہرین کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران ایسے معاملات سے ملزمان کو فائدہ پہنچتا ہے پولیس جتنی دیر سے تفتیش کے معاملات نمٹائے گی اس کا تمام فائدہ ملزمان کو پہنچے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس اس انتظار میں ہے کہ ملزمان گرفتار ہوجائیں تو ان سے ملنے والے اسلحے اور گولیوں کے خول کو ایک ساتھ فارنسک لیبارٹری بھیجا جائے لیکن اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا اور ملزمان کو عدالت سے فوری ضمانت مل جائے گی اور پولیس کچھ نہیں کرسکے گی، گولیوں کے خول کے علاوہ متعلقہ پولیس نے شاہ زیب کی کار بھی لیباریٹری تجزیے کیلیے فارنسک لیبارٹری نہیں بھجوائی ہے۔