سندھ میں نوجوانوں کا مستقبل تابناک ہے گورنر سندھ

نوجوانوں کی ترقی کیلیے متعدد منصوبوں پر عمل کیا ہے،صوبائی وزیر فیصل سبزواری


Staff Reporter January 02, 2013
گورنر سندہ نے کہا کہ ہمارا فرض ہے کہ ان نوجوانوں کو بھرپور مواقع فراہم کریں تاکہ ملک ترقی کرے اور اقوام عالم میں ہم ایک باعزت اور اعلیٰ مقام حاصل کرسکیں. فوٹو: فائل

گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان نے کہا ہے پاکستان کے باصلاحیت اور ترقی کے جذبے سے سرشار نوجوان ملک کے ہر شعبے میں آگے بڑھ رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ہمارا فرض ہے کہ ان نوجوانوں کو بھرپور مواقع فراہم کریں تاکہ ملک ترقی کرے اور اقوام عالم میں ہم ایک باعزت اور اعلیٰ مقام حاصل کرسکیں، وہ گورنر ہائوس میں صوبائی محکمہ امور نوجوانان کی4سالہ کا رکردگی رپورٹ پیش کیے جانے کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے، صوبائی امور نوجوانان فیصل سبزواری نے گورنرکو رپورٹ پیش کی،اس موقع پر صوبائی سیکریٹری امور نوجوانان شعیب احمد صدیقی بھی موجود تھے۔

گورنر عشرت العباد نے محکمے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ فیصل سبزواری جیسے جذبے سے سرشار وزیر کی موجودگی اور محکمے کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے یقین ہے کہ صوبہ سندھ میں نوجوانوں کا مستقبل تابناک ہے،مجھے یقین ہے کہ ان نوجوانوں کی موجودگی میں ہم کامیابی سے ان چیلنجز سے نبرد آزما ہوسکیں گے۔

04

صوبائی وزیر فیصل سبزواری نے بتایا کہ محکمے نے سرکاری و نجی شعبے کے تعاون سے نوجوانوں کی ترقی کے ضمن میں متعدد منصوبوں پر عمل کیا ہے ان میں یوتھ سینٹرز ، کیریئر کونسلنگ برائے یوتھ ، یوتھ ہیلتھ اویئرنس پروگرامز ، انٹرنیشنل یوتھ ایکسچینج پروگرامز، اسکل ڈیولپمنٹ سینٹرز برائے معذور نوجوان اور دیگر پروگرامز شامل ہیں،کراچی میں 192.7 ملین کی لاگت سے کراچی میگا یوتھ ڈیولپمنٹ سینٹر امسال مکمل ہوگا جبکہ 328.7 ملین روپے کی لاگت سے حیدرآباد ، لاڑکانہ ، میرپور خاص ، خیر پور اور بے نظیر آباد میں بھی ریجنل یوتھ سینٹرز اسی سال مکمل ہوجائیں گے،سندھ میںINSPYREپروگرام کے تحت حبیب یونیورسٹی فائونڈیشن کے تعاون سے کام کیا جارہا ہے جس پر 55.5 ملین روپے خرچ ہو رہے ہیں۔