پولیس ٹریننگ کیلیے جرمنی کے تعاون سے کانفرنس منعقد ہوگی

جرمن ایجنسی جی ٹی زیڈ کی معاونت سے کانفرنس میں جرائم کی نوعیت، طریقہ واردات اور انسدادی تجاویز پر روشنی ڈالی جائیگی


Staff Reporter January 02, 2013
جرمن ایجنسی جی ٹی زیڈ کی معاونت سے پولیس ٹریننگ سینٹر کے معیار میں مزید بہتری لانے کے ضمن میں منعقد کی جانے والی اس کانفرنس کی صدارت ایڈیشنل آئی جی سندھ محمد رفیق حسن کریں گے. فوٹو: فائل

آئی جی سندھ فیاض احمد لغاری کی ہدایت پر سینٹرل پولیس آفس کراچی میں ماہ جنوری2013 میں صوبے کے تمام پولیس ٹریننگ سینٹرز کے سربراہان اور پرنسپلز پر مشتمل ایک اہم کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

جرمن ایجنسی جی ٹی زیڈ کی معاونت سے پولیس ٹریننگ سینٹر کے معیار میں مزید بہتری لانے کے ضمن میں منعقد کی جانے والی اس کانفرنس کی صدارت ایڈیشنل آئی جی سندھ محمد رفیق حسن کریں گے جس کے تحت پولیس کو درپیش دہشت گردی اسٹریٹ کرائم جرائم کے نت نئے طریقوں اور امن و امان جیسے معاملات اور مسائل کا نہ صرف تفصیلی احاطہ کیا جائے گا بلکہ پولیسنگ کے جملہ امور کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے اور زیر تربیت پولیس افسران و اہلکاروں کی ٹریننگ کے معیار کو دور حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اسٹیٹ آف ٹریننگ ماڈیول کو متعارف کرنے کی حکمت عملی پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال جائے گا۔

اس اہم کانفرنس میں جرائم سے متاثرہ علاقوں میں ہونے والے جرائم کی نوعیت ، جرائم کے اوقات ، ملزمان کے طریقہ واردات کا بھی مستقل بنیادوں پر جائزہ لینے اور بعدازاں ترتیب دی گئی رپورٹ کے پیش نظر عملی انسدادی اقدامات پر مشتمل موثر لائحہ عمل اختیار کرنے کی تجاویز پر بھی روشنی ڈالی جائے گی۔

06

کانفرنس کے نتیجے میں پولیسنگ اصلاحات ،اپ گریڈیشن ،استعدادی صلاحیت میں اضافوں، مقدمات کی تفتیش، عدالتوں میں پیروی ، فارنسک سائنس کو عام کرنے اور پولیس کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کے حوالے سے سامنے آنے والی تمام تر سفارشات و تجاویز کی منظوری کانفرنس کے اختتامی سیشن سے خطاب کے دوران آئی جی سندھ فیاض احمد لغاری دیں گے،کانفرنس کا مقصد پولیس کے تربیتی امور میں اصلاحات لاتے ہوئے پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ امن و امان کے قیام ، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے جملہ امور کو بھی تقویت دینا ہے۔