ن لیگ کھپرو کے صدر کے گھر میں ڈکیتی کا ملزم گرفتار

دیگر 4 ملزمان کی گرفتاری کے لیے تفتیش جاری، ملزم سے میڈیا کو ملنے نہیں دیا گیا


Nama Nigar January 04, 2013
گرفتار ملزم غلام رسول کھوسو نے دوران تفتیش اعتراف کیا کہ ان کا گروہ سندھ کے مختلف علاقوں میں وارداتوں میں ملوث ہے۔ فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ن) کھپرو کے صدر کے گھر میں ڈکیتی کی واردات کرنے والے بین الصوبائی گروہ کا کارندہ بدین سے گرفتار۔

ملزم کا تعلق محکمہ آبپاشی سے بتایا جاتا ہے، واردات میں دیگر 4 ملزمان کی گرفتاری کے لیے ملزم سے تفتیش جاری، ملزم کو نامعلوم مقام پر منتقل کرکے میڈیا کے نمائندوں سے ملاقات پر پابندی عائد کردی۔ تفصیلات کے مطابق 2 ماہ قبل کھپرو کے علاقے عزیز کالونی میں مسلم لیگ (ن) کھپرو کے صدر اختر حسین آرائیں کے گھر میں 4 نامعلوم ملزمان داخل ہوکر اہل خانہ کو یر غمال بناکر 10 لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات، نقد رقم اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔

3

گرفتار ملزم غلام رسول کھوسو نے دوران تفتیش اعتراف کیا کہ ان کا گروہ سندھ کے مختلف علاقوں میں وارداتوں میں ملوث ہے۔ سول جج و جوڈیشل مجسٹریٹ کھپرو نوید احمد کلہوڑو کے حکم پر تھانیدار رسول بخش تھہیم نے پولیس پارٹی کے ہمراہ بدین جاکر ملزم کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا۔عدالت نے 3 دن کے جسمانی ریمانڈ پر مزید تفتیش کے لیے ملزم کوکھپرو پولیس کے حوالے کردیا۔

دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے ملزم کو نامعلوم مقام پر منتقل کرکے مزید تفتیش کی جارہی ہے اور پولیس نے ملزم سے ملاقات کے لیے میڈیا کے نمائندوں پر پابندی عائد کردی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزم کا تعلق محکمہ آبپاشی سے بتایا جاتا ہے اور ملزم سرویئر کے عہدے پر تعینات تھا اور ان کا گروہ سندھ کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی، رہزنی کرتا تھا اور ملزم کا تعلق ٹنڈوآدم کے ٹائون مٹھو کھوسو سے بتایا جاتا ہے۔

مقبول خبریں