2012 14بچوں سمیت 113مغویوںمیں سے 110بازیاب 11اغوا کار مارے گئے

3 مغوی ایک سال اور 3مغوی دو سال سے اغوا کاروں کی تحویل میں ہیں ،تاجر زیادہ اغواکیے گئے.


Staff Reporter January 04, 2013
3 مغوی ایک سال اور 3مغوی دو سال سے اغوا کاروں کی تحویل میں ہیں ،تاجر زیادہ اغواکیے گئے،47 مغوی تاوان کی رقم ادا کرنے پر رہا ہوئے،4 مغویوںکو قتل کردیا گیا۔ فوٹو:اےایف پی

شہر میں سال 2012کے دوران اغوا کیے جانے والے 14بچوں سمیت 113 مغویوں میں سے 110مغویوں کو بحفاظت بازیاب کرالیا گیا۔

جبکہ 3 مغوی سال 2012 اور 3مغوی سال2011 سے اغوا کاروں کی تحویل میں ہیں ، سال 2012 میں 47 مغوی خود تاوان کی رقم ادا کرنے کے بعد رہا ہوئے، سال 2012 کے دوران اغوا کاروں نے 4مغویوںکو بھی قتل کردیا جبکہ11اغوا کار بھی مارے گئے، تفصیلات کے مطابق گذشتہ سال مختلف علاقوں میں اغوا برائے تاوان کے 102واقعات ہوئے جن میں100واقعات مختلف تھانوں میں رپورٹ ہوئے جبکہ 2 واقعات کسی بھی تھانے میںرپورٹ نہیں ہو سکے ، مختلف علاقوں سے 113 افراد کو اغوا کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق سال 2012 کے دوران کورنگی ، گلشن اقبال ، شاہراہ فیصل ، درخشاں ، نارتھ ناظم آباد ، قائد آباد ، شاہ لطیف ،زمان ٹائون ، کورنگی انڈسٹرل ایریا ، گڈاپ سٹی اور کلاکوٹ تھانے کی حدود سے14بچوں کو اغوا کیا گیا ،تاجر و صنعت کار سب سے زیادہ اغوا کیے گئے ، اینٹی وائلنٹ کرائم سیل اور سی پی ایل سی کی کارروائیوں کے نتیجے میں 110مغویوں کو بازیاب کرایا گیا جن میں 59مغویوں کو تاوان کی رقم ادا کیے بغیر بازیاب کرایا گیا جبکہ 47 مغوی خود تاوان کی رقم ادا کرنے کے بعد رہا ہوئے۔

01

سال 2012 میں اغوا کاروں کی تحویل میں 4 مغویوں کو بھی قتل کیا گیاجبکہ اینٹی وائلنٹ کرائم سیل اور سی پی ایل سی 3 مغویوں کو بازیاب نہیں کرا سکی جن میں سعید آباد کے علاقے سے اغوا کیے جانے والے20سالہ ممتاز مشتاق ، پاک کالونی سے اغوا کیے جانے والا21 سالہ امان اللہ اور درخشان سے اغوا کیے جانے والا 33 سالہ عمیر حفیظ شامل ہے، جیکسن کی حدود سے عبدالخیر ، نارتھ ناظم آباد سے محمد سجاد اور پیرآباد کی حدود سے لاپتہ ہونے عبدالعزیز کے بارے میں یہ یقین سے نہیں کہا جا سکا کہ انہیں اغوا برائے تاوان کے لیے ہی اغوا کیا گیا ہے ، سال 2012 میں اینٹی وائلنٹ کرائم سیل اور سی پی ایل سی کی مشترکہ کارروائیوں کے نتیجے میں11اغوا کار مارے گیے ہیں جبکہ 79 اغوا کاروں کو گرفتار کرکے بھاری تعداد میں اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کر لیا گیا اور اس دوران 32 اغوا کار فرار ہونے میں کامیاب ہوئے جبکہ 22 گینگز کا خاتمہ بھی کیا گیا۔

سال 2012 میں شاہراہ فیصل تھانے کی حدود سے سابق رکن قومی اسمبلی کا ڈرائیور55 سالہ عبدالمجید ، نیو کراچی انڈ سٹرل ایریا سے19سالہ فرحان احمد ، مومن آباد سے18سالہ محمد فیصل ، شاہ لطیف تھانے کی حدود سے 12سالہ عابد حسین، زمان ٹائون تھانے کی حدود سے 8 سالہ بچی سکینہ ،کورنگی انڈسٹریل تھانے کی حدود سے آصف خان اور سائٹ A تھانے کی حدود سے55 سالہ ڈاکٹر دلیپ کمار لاپتہ ہیں جبکہ 2011 میں نیوکراچی سے اغوا کیے گئے محمد عرفان غوری ، گلشن اقبال سے مرزا محمد مہدی اور سپر مارکیٹ سے انیس الرحمن کو پولیس اور سی پی ایل سی تاحال بازیاب کرانے میں ناکام رہی ہے، سی پی ایل سی ذرائع کے مطابق گذشتہ سال کے دوران شہر میں 118 افراد کو اغوا کیا گیا جن میں سے 109مغوی کو بازیاب کرایا گیا اور 13گینگز کا خاتمہ کیا گیا جبکہ 12 کیسز حل ہونے کے قریب ہیں ۔