چکرا گوٹھ کا ایک ہائیڈرنٹ فوری بند کرنے کا اعلان

قیوم آباد، ڈی ایچ اے اور ملحقہ علاقوں میں پانی کی قلت کا نوٹس لے لیا گیا


Staff Reporter January 04, 2013
ایم ڈی واٹر بورڈ نے ادارے کے افسران کا ہنگامی اجلاس طلب کیا جس میں عوام کو درپیش مشکلات اور اس کے فوری حل کے معاملات پر غور کیا گیا. فوٹو: فائل

کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر مصباح الدین فرید نے اختر کالونی ، قیوم آباد ،ہزارہ کالونی ،کشمیر کالونی ، ڈی ایچ اے،کورنگی اور ملحقہ علاقوں میں پانی کی قلت کی شکایات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے فراہمی آب کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے فوری نوعیت کے اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انھوں نے ان علاقوں میں پانی کی اضافی فراہمی کے لیے چکرا گوٹھ میں واقع ایک ہائیڈ رینٹ کو فوری طور پر بند کر کے اس کا پانی متاثرہ علاقوں کو فراہم کرنے کا حکم دیا ہے، تفصیلات کے مطابق اختر کالونی،کشمیر کالونی، ہزارہ کالونی، ڈی ایچ اے، کورنگی اور ملحقہ علاقوں کے عوام کی جانب سے مسلسل شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ انھیں فراہم کیے جانیوالے پانی کی مقدار ان کی ضروریات پوری کرنے کے لیے نا کافی ہے۔

اس پر ایم ڈی واٹر بورڈ نے ادارے کے افسران کا ہنگامی اجلاس طلب کیا جس میں عوام کو درپیش مشکلات اور اس کے فوری حل کے معاملات پر غور کیا گیا،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈی واٹر بورڈ نے کہا کہ ہمارا بنیادی مقصد عوام کو فراہمی ونکاسی آب سہولیات فراہم کرنا ہے، اس کام میں واٹر بورڈ کے14 ہزار اہلکار شب و روز مصروف عمل ہیں، ہمارے جفا کش کارکن آندھی طوفان، سردی و گرمی اور موسمی حالا ت سے مردانہ وار مقابلہ کرتے ہوئے عوام کو یہ سہولت فراہم کر رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ واٹر بورڈ کے افسران پر لازم ہے کہ وہ عوامی شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اس کے ازالے کے لیے اقدامات کریں،انھوں نے کہا کہ اختر کالونی ،کورنگی اور ملحقہ متاثرہ علاقوں کے عوام کی شکایت کا فوری حل یہ ہے کہ چکرا گوٹھ کورنگی میں واٹر بورڈ کے2 ہائیڈ رینٹ کام کر رہے ہیں،ایک ہائیڈرینٹ کو بند کر کے پانی ان متاثرہ علاقوں کو منتقل کر دیا جائے تاکہ یہاں پانی کی فراہمی کی صورتحال میں بہتری آئے۔