بحریہ کو روایتی و غیر روایتی چیلنجزکا سامنا ہے ایڈمرل سندیلہ

سال 2012 کے دوران پاکستان نیول فلیٹ میں P3C ایئر کرافٹ اور پی این ایس عظمت کی شمولیت ایک اہم کامیابی ہے۔


Staff Reporter January 04, 2013
پی این ایس ڈاکیارڈ میں منعقدہ پاک بحریہ کی سالانہ ایفیشنسی کمپٹیشن پریڈاورایوارڈزبرائے سال 2012 کی تقریب کا ایک منظر۔ فوٹو: پی پی آئی

PARIS: پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل آصف سندیلہ نے کہا ہے کہ ہمیں روایتی اور غیر روایتی دونوں طرح کے چیلنجز کا سامنا ہے۔

تاہم پاک بحریہ قومی اور علاقائی سطح پر درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام تر کوششیں بروئے کار لارہی ہے، وہ پی این ایس ڈاکیارڈ میں منعقدہ پاک بحریہ کی سالانہ ایفیشنسی کمپٹیشن پریڈ اور ایوارڈز کی تقریب برائے سال 2012 سے خطاب کررہے تھے، پاک بحریہ کے سربراہ نے کہا کہ ہمیں روایتی اور غیر روایتی چیلنجز کا سامنا ہے، پاک بحریہ کا اتحادی بحری افواج کے ساتھ مل کر دہشت گردی اور بحری قذاقی کے خلاف آپریشن میں باقاعدہ شمولیت اختیار کرنا اور ٹاسک فورسز150اور 151کی قیادت سنبھالنا پاکستان نیوی کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیت اور خطے میں قیام امن کے لیے اس کی کوششوںکا منہ بولتا ثبوت ہے۔

نیول چیف نے کہا کہ بحری مشقوں رباط اور سی اسپارک کا کامیاب انعقاد سال گذشتہ کی نمایاں کامیابیاں ہیں، میزائلوں اور تارپیڈوز کی فائرنگ سے ہماری دفاعی تیاری اور ٹریننگ کو فروغ ملا ہے، انھوں نے گوادر میں پینے کے پانی کی فراہمی اور خدمت خلق کے دیگر امور سر انجام دینے پر نیول فلیٹ کی تعریف کی،سال 2012 کے دوران پاکستان نیول فلیٹ میں P3C ایئر کرافٹ اور پی این ایس عظمت کی شمولیت ایک اہم کامیابی ہے۔

05

کراچی شپ یارڈ میں فاسٹ اٹیک میزائل کرافٹ پی این ایس اصلت اور پی این ایس دہشت کی تعمیر اور سال2013 میں ان کی پاک بحریہ میں شمولیت سے ہماری دفاعی صلاحیت میں مزید اضافہ ہوگا،انشا اللہ اس سال ATR-72 ایئر کرافٹ پاکستان نیوی میں شامل ہوکر پرانے فوکر جہازوں کی جگہ لیں گے، تربیتی معیار کو مزید بہتر اور موثر بنانے کے لئے ہم نے سال 2013 کو تربیت کا سال قرار دیا ہے، قبل ازیں کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل ذکااﷲ نے اپنے استقبالیہ خطاب میں حاضرین کو بحری بیڑے کی سال 2012 کے دوران آپریشنل کامیابیوں کے بارے میں آگاہ کیا، بعد ازاں مہمان خصوصی ایڈمرل محمد آصف سندیلہ نے نمایاں کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے والے یونٹس میں شیلڈز تقسیم کیں۔