سانگھڑ پولیس موٹر سائیکل سواروں کیلیے وبال جان بن گئی

مختلف حیلوں بہانوں سے روزانہ سیکڑوں گاڑیوں کے چالان، بااثر اور جرائم پیشہ افراد سے رعایت


Nama Nigar January 05, 2013
ضلع بھر کی پولیس نے موٹر سائیکل سواروں کو عتاب کا نشانہ بناتے ہوئیکریک ڈائون کرکے روزانہ سیکڑوں چالان شروع کردیے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

ایس ایس پی نے ضلع بھر کی پولیس کو روزانہ سیکڑوں موٹر سائیکل کو چالان کرنے اور موبائل کے ہوٹر اور بتیاں آن کرنے کے احکامات جاری کردیے۔

عوام نے مضحکہ خیز اقدامات کی بجائے جرائم پر قابو پانے کیلیے موثر اور عملی اقدامات کا مطالبہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی سانگھڑ محمد علی حیدر بلوچ نے ضلع کے مختلف شہروں سانگھڑ، ٹنڈو آدم، شہدادپور، سنجھورو، جام نواز علی، جھول، شاہ پور چاکر، پیر محل، کھائی، کنڈیاری اور کھپرو سمیت دیگر علاقوں کے تھانوں اور چیک پوسٹ کے انچارجوںکو روزانہ سیکڑوں کی تعداد میں موٹر سائیکل کا چالان کرنے اور موبائل کی بتیاں اور ہوٹر رات 10 سے صبح 5 بجے تک آن رکھنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔



جس پر ضلع بھر کی پولیس نے موٹر سائیکل سواروں کو عتاب کا نشانہ بناتے ہوئیکریک ڈائون کرکے روزانہ سیکڑوں چالان شروع کردیے ہیں جبکہ موبائل کی بتیاں اور ہوٹررات بھر آن رہنے سے شہریوں کے آرام میں خلل پیدا ہورہا ہے اور ایس ایس پی کے مضحکہ خیز اقدامات سے شہریوں میں بے چینی پائی جاتی ہے۔

دوسری جانب کھپرو کے شہری حلقوں نے کہا ہے کہ غریبوں کی سواری موٹر سائیکل کے دھڑا دھڑ چالان نے شہریوں کی زندگی اجیرن بناکر رکھ دی ہے اور پولیس کاغذات کے نام پر بااثر اور جرائم پیشہ افراد کی موٹر سائیکل کو چھوڑ کر غریبوں کے چالان کررہی ہے۔ انھوں نے وزیراعلیٰ سندھ، آئی جی سندھ اور ڈی آئی جی میرپورخاص سمیت اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع سانگھڑ میں جرائم پر قابو پانے کیلیے مضحکہ خیز اقدامات کی بجائے مؤثر اور عملی اقدامات کیے جائیں۔

مقبول خبریں