سی آئی ڈی کی کارروائی بین الصوبائی گروہ کے 3 ملزمان گرفتار

گرفتار ملزمان اغوااور بینک سے رقم نکلوا کر جانیوالوں کو لوٹتے تھے،پولیس.


Staff Reporter January 05, 2013
گرفتار ملزمان اغوااور بینک سے رقم نکلوا کر جانیوالوں کو لوٹتے تھے،پولیس۔ فوٹو: فائل

SWAT: سی آئی ڈی سول لائن نے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کارروائیوں کے دوران قتل ، اقدام قتل، اغوا برائے تاوان ،ڈکیتی اور بینک سے رقم نکلوا کر جانے والوں کو لوٹنے والے بین الصوبائی گروہ کے 3ملزمان کوگرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی سی آئی ڈی سول لائن فیاض خان کی سربراہی میں پولیس پارٹی نے پرانی سبزی منڈی عسکری پارک اورسرجانی ٹاؤن کے علاقے سیکٹر 7-C حاجی محمود گوٹھ میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران بین الصوبائی گروہ سے تعلق رکھنے والے 3ملزمان غوث بخش ولد دین گوپانگ ، محمد شفیق عرف شفیق استاد ولد محمد رفیق اور حبیب الرحمٰن عرف حبیب لاہوری ولد محمد بخش کو گرفتار کر کے 3 ٹی ٹی پستول مع لوڈ میگزین برآمد کرلیے،فیاض خان کے مطابق ملزمان نے غوث بخش،ذوالفقار لاشاری ، رجب سولنگی اور وحید گوپانگ نے 2008 تھانہ خیر پور بس اسٹاپ کے قریب پوسٹ آفس سے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے19لاکھ روپے لوٹے تھے جبکہ ملزمان نے 2011 تھانہ گمبٹ کے علاقے میں فائرنگ کر کے حاجن شاہ اور میر حسن کو ہلاک کیا تھا۔

ملزمان نے 2010 اور 2011 میں فیروز آباد اور طارق روڈ پر جیولرز کی 2 دکانوں سے 39 لاکھ روپے اور 21 لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات لوٹے تھے ، ملزمان نے سال 2010 ملزم غوث بخش نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ تھانہ گمبٹ میں بھی جیولر کی دکان سے لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات لوٹے تھے ، پولیس ملزمان سے مزید تحقیقات کر رہی ہے ،پولیس کے مطابق ملزمان اغوا برائے تاوان ، پولیس مقابلے اور بینک سے رقم نکلوا کر جانے والوں سے بھی لوٹ مار کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے ۔