جامعہ کراچی مالیکیولر میڈیسن پر بین الاقوامی سمپوزیم کل ہوگا

15 ممالک کے 350 سائنسدان ومحققین شریک ہونگے،سمپوزیم میں ٹریننگ کورس بھی ہوگا.


Staff Reporter January 06, 2013
ڈاکٹر اقبال چوہدری کا انتظامی کمیٹی سے خطاب،ڈاکٹر قیصر، ڈاکٹرعطا الرحمن شرکت کرینگے۔ فوٹو: فائل

بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم جامعہ کراچی میں مالیکیولر میڈیسن اورڈرگ ریسرچ کے موضوع پر 4 روزہ چوتھا بین الاقوامی سمپوزیم اور ٹریننگ کورس (7 سے 10 جنوری) پیر سے آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی میں شروع ہورہاہے جس میں 15 ممالک کے 350 سے زائد سائنسدان اورمحققین شرکت کریں گے۔

ان خیالات کااظہارآئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے جمعہ کوایچ ای جے ریسرچ انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری میں سمپوزیم کی انتظامی کمیٹی کی میٹنگ کے دوران کیا۔

انھوں نے کہا کہ ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیولر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ جامعہ کراچی اس بین الاقوامی سمپوزیم کاانعقاد کررہا ہے جس کا مقصد مالیکیولر میڈیسن کے شعبے میں دنیا بھر سے ماہرین کو نہ صرف یکجا کرنا ہے بلکہ ان کے تجربات و معلومات سے استفادہ حاصل کرنا ہے تاکہ متعلقہ شعبے میں ترقی کی رفتار تیز تر ہوسکے ،سمپوزیم کی افتتاحی تقریب پیر کو صبح 9 بجے آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے پروفیسر سلیم الزماںصدیقی آڈیٹوریم میں ہوگی، شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر سمپوزیم کا افتتاح کرینگے جبکہ تقریب میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے سابق سربراہ پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمن بھی خصوصی شرکت کرینگے۔

جبکہ جامعہ کراچی کی سائنس فیکلٹی کی ڈین پروفیسر ڈاکٹر شاہانہ عروج کاظمی، پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری،محمد حسین پنجوانی میموریل ٹرسٹ کی منیجنگ ٹرسٹی نادرہ پنجوانی،ڈاکٹر عصمت سلیم بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرینگی، سمپوزیم پلینری لیکچرز، پوسٹر پریزنٹیشن اورمالیکیولر میڈیسن پر بین الاقوامی شہرت یافتہ سائنسدانوں کے لیکچرز پر مشتمل ہے، جبکہ اس سمپوزیم کا تربیتی کورس مالیکیولر میڈیسن اور امراض کو سمجھنے کے حوالے سے اس کے ستعمال سے متعلق قائم ہونے والے تصورات کا احاطہ کرے گا۔