ریڈیوپاکستان کے قریب سے ملنے والی لاش کی شناخت کرلی گئی

مقتول لیاری کا رہائشی اوربرطرف پولیس اہلکارتھا،مقدمات میں گرفتار ہو چکا تھا.


Staff Reporter January 06, 2013
مقتول لیاری کا رہائشی اوربرطرف پولیس اہلکارتھا،مقدمات میں گرفتار ہو چکا تھا۔ فوٹو : فائل

ایم اے جناح روڈ ریڈیو پاکستان کے قریب گلی سے ملنے والی بوری بند لاش کی شناخت کر لی گئی۔

مقتول لیاری کا رہائشی اور برطرف پولیس اہلکارتھا ، متعدد بار پولیس مقابلے اور دیگر مقدمات میں گرفتار ہو چکا تھا،تفصیلات کے مطابق پریڈی کے علاقے ایم اے جناح روڈ ریڈیو پاکستان کے قریب گلی سے جمعہ کی شب ملنے والی بوری بند لاش کی شناخت28 سالہ بشیر احمد شیدی ولد لیاقت علی شیدی کے نام سے اس کے بھائی راحیل نے ایدھی سرد خانے میں کر لی ،مقتول لیاری نیا آباد گلی نمبر 6 کا رہائشی تھا جبکہ اس کا ایک گھر کورنگی مہران ٹاؤن میں بھی ہے۔

08

پولیس کے مطابق مقتول2008 میں سندھ پولیس میں بھرتی ہوا تھا اور گارڈن ہیڈ کوارٹر میں پوسٹنگ تھی تاہم 9 مارچ 2011 کو بغیر اطلاع طویل چھٹیوں کے باعث اسے محکمہ پولیس سے برطرف کر دیا گیا تھا ، مقتول ایک سال قبل آرام باغ پولیس کے ہاتھوں ڈکیتی کے الزام میں جبکہ سعید آباد میں پولیس مقابلے اور اسلحہ ایکٹ کے تحت گرفتار ہو کر جیل گیا تھا ، مقتول کو جمعرات کی دوپہر ساڑھے تین بجے گینگ وار کے ملزمان نے اغوا کیا تھا واضح رہے مقتول کی ہاتھ پاؤں بندھی بوری بند لاش ملی تھی جسے ذبح اور سر پر گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا ۔