پاک فوج کا افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملہ

ویب ڈیسک  جمعـء 17 فروری 2017
 پاک فوج نے کالعدم جماعت الاحرار کے ڈپٹی کمانڈر عادل باچا کے کیمپ کو بھی نشانہ بنایا۔ فوٹو:فائل

پاک فوج نے کالعدم جماعت الاحرار کے ڈپٹی کمانڈر عادل باچا کے کیمپ کو بھی نشانہ بنایا۔ فوٹو:فائل

راولپنڈی: پاک فوج نے افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے جس میں متعدد دہشت گردوں کے مارے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاک فوج نے مہمند اور خیبر ایجنسی پر سرحد کے دوسری طرف افغانستان میں موجود دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانوں پر حملہ کرکے انہیں تباہ کردیا۔ ذرائع کے مطابق پاک فوج کی جانب سے کالعدم جماعت الاحرار کے ٹھکانوں پر حملہ کیا گیا ہے جس میں کئی دہشت گردوں کے مارے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: افغان سفارت کارجی ایچ کیو طلب؛ 76 دہشتگردوں کی حوالگی کا مطالبہ

ذرائع نے بتایا کہ پاک فوج کی جانب سے کالعدم جماعت الاحرار کے جس کیمپ پر حملہ کیا گیا وہ اس جماعت کے ڈپٹی کمانڈر عادل باچا کا کیمپ ہے جہاں فوج نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے ٹریننگ کمپاؤنڈ اور دہشت گردوں کے 4 مزید کیمپوں کو تباہ کردیا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: افغانستان میں دہشتگردوں کیخلاف کارروائی نہ ہونا ہمارے صبر کا امتحان ہے، آرمی چیف

دوسری جانب آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے حکم پرکومبنگ آپریشنز میں تیزی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے ملک بھر میں 100 سے زائد دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے ٹوئیٹ کیا ہے کہ حالیہ دہشت گردی کی لہر کے بعد آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے احکامات کی روشنی میں پنجاب سمیت ملک بھر میں کومبنگ آپریشن جاری ہیں جس کے دوران اب تک 100 سے زائد دہشت گرد ہلاک ہوچکے ہیں،کارروائیاں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کی گئیں، تمام آپریشن انٹیلی جنس بنیادوں پر کیے گئے، اس دوران بڑی تعداد میں گرفتاریاںبھی ہوئیں، انٹیلی جنس ادارے حالیہ واقعات کے پیچھے نیٹ ورکس بے نقاب کرنے میں پیشرفت کررہے ہیں،خفیہ ایجنسیوں کو دہشتگردوں کا نیٹ ورک توڑنے میں اہم کامیابیاں ملی ہیں، دہشتگردی کے واقعات میں سرحد پارسے تعاون کے روابط موجود ہیں جس پرافغان سرحد کوبند کردیا گیا،اب افغانستان سے کسی کوغیر قانونی طور پر داخل نہیں ہونے دیں گے۔

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز کے ساتھ تین مقابلوں میں27 دہشت گرد مارے گئے، منگھوپیر کے علاقے زیارت میں دہشتگردوں کے ٹھکانے پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران 11 ہلاک ہوئے جبکہ مقابلے میں 2 اہلکار زخمی ہوئے، 8 کی شناخت ملک تصدق حسین ، نوشاد خان عرف ماما ، شیراز احمد ، شیر زاد عرف سجاد ، عزیز اﷲ ، محمد امین عرف کالا ، ارمان احمد عرف عمیر اور یاسر صدیقی کے نام سے شناخت کرلیا گیا، دیگر 3 دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے، دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں گولہ بارود بھی برآمد ہوا، ترجمان رینجرز کے مطابق ایک اور واقعہ میں علاقہ کاٹھور کے قریب دہشت گردوں نے فورسز کے قافلے پر حملہ کیاجس میں ایک اہلکار زخمی ہوگیا، جوابی فائرنگ سے7دہشت گرد ہلاک ہوئے، کراچی میں ہلاک دہشت گردوں میں کالعدم لشکر جھنگوی کا امیر ملک تصدیق حسین بھی شامل ہے جو ڈینیئل پرل قتل میں مطلوب تھا۔ شناخت کیے جانے والے 3 دہشتگردوں میں یاسین عرف چھوٹو، محمد راشد عرف نور عالم عرف شعیب اور ہدایت اﷲ شامل ہیں۔ دہشتگردوں سے تیسرا مقابلہ ملیر ڈویژن پولیس کی بھاری نفری نے سپر ہائی نیو سبزی منڈی کے عقب میں واقع جنجال گوٹھ میں ہوا جہاںفائرنگ کے تبادلے میں کالعدم لشکر جھنگوی اور جماعت الاحرار کے 9 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ، یہ دہشتگرد رینجرز ہیڈ کوارٹر پر خودکش حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ 4 دہشتگردوں کی شناخت خودکش بمبار رضی، نعمان عرف معاویہ، بلال الدین اور نوید کمال عرف نویٹا کے نام سے کر لی گئی۔

دوسری جانب اورکزئی ایجنسی کے علاقہ غلوچینہ میں فورسز کے ساتھ جھڑپ میں جماعت الاحرار کے6 شدت پسند ہلاک ہوئے، پشاور کے علاقے ریگی میں سرچ آپریشن کے دوران 3 دہشت گرد مارے گئے، خیبر ایجنسی میں پاکستانی چوکی پر افغانستان کی جانب سے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے فورسز نے دشمنوں کو بھرپور جواب دیا، آئی ایس پی آر کے مطابق افغانستان سے دہشت گردوں نے پاکستانی چوکی پر حملہ کیا جس میں 2 اہلکار زخمی ہوئے جبکہ فورسز کی جوابی کارروائی میں متعدد دہشت گرد ہلاک اور زخمی ہوئے۔ بنوں میں بھی تھانہ بگا خیل کے علاقے مروت کینال میں فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد مارے گئے ،ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور افغانی و عراقی کرنسی بھی برآمد ہوئی، اورکزئی ایجنسی میں بھی چیک پوسٹ کے قریب بم نصب کرنے والے 2 تخریب کاروں کو فورسز نے ہلاککردیا۔ علاقہ دڑادڑ اماموزئی میں4شدت پسند مارے گئے۔ اپردیر میں بھی فورسز کے ساتھ مقابلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے جن کی شناخت عرفان سکنہ واڑی پائین اور امیر بہادر سکنہ جیکٹ کے نام سے ہوئی۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس موبائل پر فائرنگ کرنے والے 2 دہشت گرد ناکے پر فورسزز کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے، انکے قبضے سے 2 دستی بم اور پستول برآمد ہوا۔ہنگو میں 6، شرینگل اور باجوڑ ایجنسی میں 2، 2 شدت پسند سرچ آپریشن اورجھڑپوں میں مارے گئے، اس دوران دو ایف سی اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ ہلاک دہشتگردوں سے بھاری اسلحہ، خودکش جیکٹس،حساس مقامات کے نقشے اور غیر ملکی کرنسی برآمد کی گئی۔ پاک افغان بارڈرکے قریب لنڈی کوتل کے علاقے لوئے شلمان میں سیکیورٹی فورسزکی دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر گولہ باری سے17 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ لاہور میں فیصل آباد بائی پاس کے قریب ریڈ کے دوران دہشت گردوں نے سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کردی، جوابی کارروائی میں 2 مارے گئے جن کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی۔ سرگودھا میں پولیس اور سی ٹی ڈی نے کارروائی کرکے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کرکے ان کے قبضے سے بھاری اسلحہ برآمد کرلیا۔

کوئٹہ کے نواحی علاقے درخشاں سکیم میں ایف سی اور پولیس کے دہشت گردوں کے کمپاؤنڈ پر چھاپے کے دوران شدت پسندوں کی فائرنگ سے 2 ایف سی اہلکار زخمی ہوئے، جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک اور کمپاؤنڈ سے بڑی مقدار میں اسلحہ و بارود بھی قبضے میں لے لیا گیا، کرائم پورٹر کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کی شناخت عبدالغفور اور محمد جان کے نام سے ہوئی جن میں ایک کا تعلق ژوب اور دوسرے کا وزیرستان سے بتایاگیا ہے۔ خانیوال سے نمائندہ کے مطابق دو روز قبل سی ٹی ڈی سی سے مقابلے میں مارے جانے والے چھ دہشتگردوں کی نعشیں نشتر اسپتال کے سرد خانے منتقل کر دی گئیں، ابھی تک ان کے ورثاء کاپتہ نہیں چل سکا۔ سرچ آپریشنز کے دوران مختلف علاقوں سے 248 مشتبہ افراد کو حراست میں بھی لے لیا گیا۔

نیشنل ایکشن پلان کے تحت وفاقی پولیس، رینجرز اور انٹیلی جنس اداروں کے اہلکاروں نے جمعہ کوبھارہ کہو کے مختلف علا قوں میں مشترکہ سرچ آپریشن کرکے ساڑھے تین سو گھروں کی تلاشی لی جس دوران دس افغانیوں سمیت 42 مشتبہ افراد کوحراست میں لیا گیا، ملزمان سے اسلحہ قبضہ میں لیکرتحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ لاہور پولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 30 سے زائد مشتبہ افراد کوحراست میں لے لیا، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کے مطابق زیرحراست افراد میں افغان اور فاٹا کے باشندے بھی شامل ہیں۔ چنیوٹ میں پولیس نے ضلع کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیا جس میں 174 مشکوک افراد کی بائیومیٹرک ڈیوائس سے تلاشی لی گئی،5 کو گرفتار کیا گیا۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں پولیس اور سی ٹی ڈی کے مشترکہ سرچ آپریشن میں 5 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا، سرچ آپریشن کی نگرانی ڈی ایس پی عاطف عمران قریشی نے کی۔ جیکب آباد میں پولیس نے مختلف علاقوں میں کومبنگ آپریشن کے دوران 70سے زائد مشکوک افراد گرفتار کر لیے جن سے متعلقہ تھانوں میں تفتیش کی جارہی ہے۔ نوشکی میں ایف اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرکے 20سے زائد مشتبہ افرادکوگرفتار کیا۔ پاک فوج اور پولیس نے مردان کے نواحی علاقے تھانہ تخت بھائی اور تھانہ ساڑو شاہ کی حدودمیں مشترکہ سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن کرکے06مجرموں اور اشتہاریوں سمیت76مشتبہ افرادکو حراست میں لے لیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔