رینجرز کا اولڈ سٹی ایریا میں ٹارگٹڈ آپریشن 2درجن سے زائد افراد زیر حراست

رام سوامی اورلیاری میں آپریشن کے دوران10افراد کو حراست میں لے کر مختلف اقسام کے12ہتھیار برآمد کیے گئے ہیں.


Staff Reporter January 07, 2013
علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ رینجرز اہلکاروں نے کمروں کے ساتھ ساتھ کچن اور باتھ روم کی بھی تلاشی لی،. فوٹو: فائل

MULTAN: رینجرز کی بھاری نفری نے اتوار کو علی الصباح اولڈ سٹی ایریا کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران علاقوں کا محاصرہ کر کے گھر گھر تلاشی کے دوران2 درجن سے زائد افراد کو حراست میں لے کربھاری مقدار میں اسلحہ اور واکی ٹاکی سیٹ برآمد کر لیے۔

ادھر مکینوں کا کہنا ہے کہ رینجرز کے اہلکار دروازے کھلوا کر چادر چار دیواری کو پامال کرتے ہوئے بغیر خواتین اہلکاروں کے گھروں میں داخل ہو گئے اور گھر کی الماریوں کا سارا سامان ایسے بکھیر دیا جیسے گھر میں کوئی چوری کی واردات ہوئی ہو، تفصیلات کے مطابق رینجرز کی بھاری نفری نے اتوار کی الصبح اولڈ سٹی ایریا کے مختلف علاقوں رام سوامی ، شو مارکیٹ اور گارڈن گھاس منڈی اور اس کے اطراف کے علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کرتے ہوئے علاقوں کا محاصرہ کر کے گھر گھر تلاشی کے دوران2 درجن سے زائد افراد کو حراست میں لے کر بھاری مقدار میں اسلحہ ، دستی بم اور منشیات برآمد کر کے حراست میں لیے جانے والے مبینہ ملزمان کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔

رینجرز کے ترجمان کے مطابق ٹارگٹڈ آپریشن رام سوامی اور لیاری کے علاقوں میں کیا گیا ، آپریشن کے دوران10افراد کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے مختلف اقسام کے12ہتھیار اور واکی ٹاکی سیٹ برآمد کیے گئے ہیں جبکہ علاقوں میں قائم غیر قانونی بیریئر اور رکاوٹیں ہٹا دی گئیں ، شو مارکیٹ کوئٹہ اسکوائر اور دیگر رہائشی عمارتوں کے رہائشی میمن تاجروں نے رینجرز کی کارروائی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اتوار کی صبح 6 بجے سے قبل ان کے گھروں کے دروازوں پر ایسے دستک ہوئی جیسے کوئی بھونچال آگیا ہو ہم لوگوں نے گھبرا کر دروازہ کھولا تو رینجرز کی نصف درجن سے زائد اہلکار ایک ایک فلیٹ میں داخل ہوگئے۔

01

چھاپے مارنے والوں میں خواتین اہلکار موجود نہیں تھیں، جس وقت رینجرز کے اہلکار گھر میں داخل ہوئے اس وقت خواتین سو رہی تھیں اور نائٹ ڈریس میں تھیں تاہم قانون کے رکھوالوں نے چادر اور چار دیواری کا خیال کیے بغیر بیڈ روم سمیت تمام کمروں میں دندناتے ہوئے گھومتے رہے اور الماریوں کے کپڑے نکال نکال کر فرش پر ڈالنا شروع کر دیا جبکہ پلنگ سے گدے بھی اتار کر زمین پر ڈال دیے۔

مکینوں کا کہنا تھا کہ پتہ نہیں رینجرز کو کس چیزکی تلاش تھی ، رینجرز کے اہلکاروں نے کمروں کے ساتھ ساتھ کچن اور باتھ روم کی بھی تلاشی لی، مکینوں نے بتایا کہ انہوں نے تلاشی لینے والے رینجرز کے اہلکاروں کو بتایا بھی کہ وہ میمن ہیں اور کاروباری طبقے سے تعلق رکھتے ہیں تاہم انھوں نے ان کی ایک نہ سنی بلکہ سخت لہجے میں ایک طرف خاموش کھڑے رہنے کی ہدایت کی ، مکینوں نے بتایا کہ رینجرز کی نفری ان کے علاقوں سے بہت سے متعدد افراد کو آنکھوں پر کپڑا باندھ کر لے گئے ، پکڑے جانے والوں کے پاس سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی ملا ہے۔